پری کوارٹر فائنل میچ، مولا بخش میموریل کو شکست دیکر جے جے میموریل کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

منگل 5 جون 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2018ء) ملیر ینگ بوائز فٹبال کلب کے زیر اہتمام سراقبال فائونڈیشن کے تعاون سے جاری پہلے آل کراچی ماما کریم بخش قمبرانی یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے کے شاندار پری کوارٹر فائنل میچ میں جے جے میموریل اور مولا بخش میموریل فٹبال کلب مد مقابل آئے جنھوں نے اک دوسرے کو انتہائی ٹف ٹائم دیا اور دفاعی کھیل پیش کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو سبقت حاصل کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے بہترین حکمت عملی کی بدولت تحمل سے بال کو اپنے کنٹرول میں رکھا اور مختلف مووز بنائے لیکن دونوں جانب سے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپرز کے شاندار کھیل کی بدولت دونوں ٹیموں کو گول اسکور کرنے میں دشواری پیش آئی مگر مسلسل کی جانے والی کوششیں رنگ لائیں اور جے جے میموریل اپنے اسٹار فارورڈ منصور کے گول کی بدولت مخالف ٹیم پر ایک گول کی سبقت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ۔

(جاری ہے)

میچ کا دوسرا ہاف شروع ہوا تو پہلے ہاف کے مقابلے میں دونوں ٹیموں نے قدرے جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن اک بار پھر دفاعی کھلاڑی فارورڈز پر بھاری نظر آئے اور انھوں نے مخالف ٹیم کے حملے ناکام بناتے ہوئے میچ میں اپنی پوزیشن مضبوط رکھی۔ میچ کے مقررہ وقت تک کوئی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی منصور کا کیا گول فیصلہ کن ثابت ہوا جس کی بدولت جے جے میموریل نے مولا بخش میموریل کا شکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

ٹورنامنٹ کے سلسلے کااگلا پری کوارٹر فائنل میچ موسیٰ الیون اور حماد اسپورٹس کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔میچ میں ریفری کے فرائض عطاء اللہ، طلحہٰ اور داد محمد نے انجام دیئے، میچ کمشنر جہانزیب جبکہ میڈیا کوآرڈینیٹر اسلم کامریڈتھے۔

متعلقہ عنوان :