سیالکوٹ ، سسرالیوں نے پھندہ دے کر بہو کو قتل کردیا

مقتولہ کے شوہر عمران کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا

منگل 5 جون 2018 20:36

شکرگڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جون2018ء) سیالکوٹ شہر کے محلہ اعواناں میں سسرالیوں نے پھندہ دے کر بہو کو ہلاک کردیا ہے اور مقتولہ کے شوہر عمران کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ،تھانہ رنگ پورہ کے محلہ اعواناں کے محنت کش عمران کی شادی کچھ عرصہ قبل 25 سالہ سحر کے ساتھ ہوئی تھی اور گھریلو میں ہونے والے جھگڑوں کے بعد سحر کو پھندہ دے کر ہلاک کردیا گیا ہے، ایس ایچ او ریاض ڈار کے مطابق مقتولہ کے خاوند عمران کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور عمران کے علاوہ مقتولہ کے سسر ، ساس اور دیور و جیٹھ کے خلاف قتل کی ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے تاہم گرفتاری کے بعد عمران نے بیوی کو قتل نہ کرنے کا بیان پولیس کو دیا ہے کہ اس کی بیوی نے خود گلے میں پھندہ ڈال کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کی ہے، مقتولہ کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثائ کے حوالے کردی گئی ہے اور نعش جب اس کے والدین کے گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا ہے ، قتل کے مقدمہ کی تفتیش ہو میو سائیڈ پولیس کے سب انسپکٹر عرفان اشرف کے حوالے کردی گئی ہے اور مقتولہ کے سسر ، ساس ، دیور اور جیٹھ کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں، ۔