ْجڑواں شہروں میں عید کی تیاریاں زوروشور سے جاری،

لوگ افطاری کے بعد بازاروں کا رخ کرنے لگے

بدھ جون 13:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جون2018ء) رمضان المبارک کے تیسرے عشرہ کے آغاز کے ساتھ ہی عید کی تیاریاں زوروشور سے شروع ہوگئی ہیں بالخصوص بچے اور خواتین اپنے لئے خوبصورت لباس، جوتے، کاسمیٹکس اور عید کی دیگر خریداری میں مصروف ہیں۔ شام ڈھلتے ہی افطاری کے بعد لوگ بازاروں کا رخ کر رہے ہیں اور اس آس کے ساتھ کہ عید قریب آنے پر ان کیلئے خریداری مشکل ہو جائے گی، وہ کم قیمت پر اشیاء کی خریداری کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔

خریداری کیلئے آئی ایک خاتون نسرین اختر نے کہا کہ اس مہنگائی کے دور میں جہاں اپنے لئے روزمرہ استعمال کی ضرورت کی اشیاء خریدنا بھی مشکل ہو رہا ہے وہ اپنی بچائی ہوئی رقم کے ساتھ اپنے بچوں کے ساتھ خریداری کیلئے آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا شبہ عید خوشیوں کا دن ہوتا ہے اور اس میں بچوں کی بڑی دلچسپی ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

میں ان کی خوشیوں کو پورا کرنے کے لئے یہاں آئی ہوں تاہم ابھی سے دکانداروں نے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور سوچ بچار کے بعد خریداری کر رہی ہیں۔

راولپنڈی/اسلام آباد کے مختلف بازاروں میں عید کے اسٹالز سجنا شروع ہو گئے ہیں جہاں بچوں اور بڑوں کے کپڑے فروخت کے لئے لگائے گئے ہیں۔ ایک فلاحی کارکن ظفر محمود نے کہا کہ ہمارا دین سادگی کی تلقین کرتا ہے اور ہمیں موجودہ حالات میں سادگی کے ساتھ عید منانی چاہئے اور بالخصوص آئی ڈی پیز کے لئے مدد کی کوشش کرنی چاہئے جو اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ایک دکاندار شیخ عبدالوحید نے کہا کہ عید کے دنوں میں خریداری میں اضافہ ہو جاتا ہے اور ہم بہترین گارمنٹس فروخت کر کے اپنے لئے آمدن کا ذریعہ بناتے ہیں۔ ایک بچے شایان نے کہا کہ وہ ہر حال میں اپنے لئے کپڑے، جوتے اور دیگر اشیاء خریدے گا اور عید دھوم دھام سے منائے گا۔