قومی ہاکی ٹیم کا یورپ کی ٹیموں سے کوئی مقابلہ نہیں ہے،

تاہم چیمپئنز ٹرافی میں سیٹ بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،مبشر مختار

بدھ 6 جون 2018 14:39

لاہور۔6 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2018ء) قومی ہاکی ٹیم کے سابق مایہ ناز ہاکی پلیئر مبشر مختار نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں کھیل کر قومی ہاکی ٹیم کو اپنی صلاحیتوں کا اندازہ ہوجائیگا جو کہ مستقبل کی تیاریوں میں ٹیم کے کام آئیگا ، اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کا یورپ کی ٹیموں سے کوئی مقابلہ نہیں ہے تاہم ٹیم ٹورنامنٹ میں سیٹ بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، یورپ کی ٹیمیں سارا سال تیاری کرتی ہیں جبکہ اس کے مقابلے میں ہماری ٹیم کو انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے مواقع کم ملتے ہیں تاہم چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کھیل کر ایشین گیمز کی تیاریوں کا موقع ملے گا ،کھلاڑیوں کو یورپین کھلاڑیوں کیساتھ کھیل کرکافی تجربہ حاصل ہوگا ، مبشر مختار نے کہاکہ بھارت کیخلاف انشاء اللہ ٹیم کامیابی حاصل کریگی ، بھارت کیخلاف میچ میں ٹیم کا جذبہ دیدنی ہوتا ہے ، انکا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کے اقدامات سے ہاکی صحیح سمت چل پڑی ہے اور انشاء اللہ دن بدن ہاکی کے کھیل میں بہتری ہوگی ، مبشر مختار نے کہا کہ پاکستان ہاکی کا ماضی بہت روشن تھا لیکن ہاکی میں عروج حاصل کرنے کیلئے ابھی ہمیں بہت محنت ، اچھی کوچنگ اور سہولیات کی ضرورت ہے ، پی ایچ ایف اس سلسلہ میں کافی اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔