ویمن ایشیا کپ، پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میںسری لنکا کو 23رنز سے ہرادیا

سری لنکن ویمنز ٹیم137رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر 113رنز بنا سکی پاکستان کی جانب سے ندا ڈار کی تباہ کن بولنگ ، 4 اوورز میں 21رنز دیکر 5کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا،پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ، پاکستانی ویمنز ٹیم(آج) اپنا چوتھا میچ میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی

بدھ 6 جون 2018 15:42

کولالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جون2018ء) ویمن ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں سری لنکن ویمنز ٹیم کو 23رنز سے شکست دیدی۔سری لنکن ویمنز ٹیم137رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ20اوورز میں9وکٹوں کے نقصان پر 113رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے تباہ کن بولنگ کرتے ہو ئے 4 اوورز میں 21رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اورپلیئر آف دی میچ قرار پائیں ۔

پاکستانی ویمنز ٹیم(آج)جمعرات کو اپنا چوتھا میچ میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔بدھ کو ملائیشیا کے دارلحکومت کولالمپور میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔پاکستانی ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنائے۔

(جاری ہے)

کپتان بسمہ معروف نے نا قابل شکست 60 رنز بنائے اس کے علاوہ ناہیدہ خان 38 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں منیبہ علی5،جویریہ خان 13،ندا ڈار3اورنین عابدی7رنز بنا سکیں۔

جواب میں سری لنکا نے 9وکٹوں پر 113رنز بنائے۔ سری لنکن ویمنز کی جانب سے یاسودا مینڈس25، ہن سیکا24، شاشیکالا سری وردنی13رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے تباہ کن بولنگ کرتے ہو ئے چار اوورز میں 21رنز دیکر 5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور پلیئر آف دی میچ قرار پائیں جبکہ ناشرہ سندھو اوربسمہ معروف نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔پاکستان ویمن ٹیم(آج)جمعرات کو میزبان ملائیشیا کے خلاف اپنا چوتھا میچ کھیلے گی ۔واضح رہے کہ پاکستانی ویمنز ٹیم اب تک اپنی3میچز میں سے 2میں فتح حاصل کر چکی ہیں جبکہ بنگلہ دیش سے انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔