شاہد آفریدی کی چیف جسٹس ثاقب نثار سے ”بڑی “ اپیل

چیف جسٹس کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 جون 2018 16:43

شاہد آفریدی کی چیف جسٹس ثاقب نثار سے ”بڑی “ اپیل
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 6 جون 2018 ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سے انتہائی لازمی اپیل کردی ہے ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ” چیف جسٹس میاں ثاقب نثار صاحب کو شاباش ،جس بہترین طریقے سے وہ عوام کی خدمت کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہے، ان کے اچانک دورں سے کافی بہتری آئی ہے مگر ایک مشورہ بھی ہے کہ اگر ٹائم نکال کر وہ نچلے عدالتوں کا بھی ایسے اچانک دورہ کرسکیں تاکہ ان کے ادارے کی کالی بھیڑوں کو ٹھکانے لگا یا جاسکے“۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے عہدہ سنبھالنے کے بعد عوامی مسائل کی جانب بے انتہا توجہ دی ہے اور روز مرہ کی عام شکایتوں پر بھی سوموٹو ایکشن لے کر عام آدمی کو ریلیف دلوایا ہے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کے ان اقدامات پر اشرافیہ اور ان کے حامی خوش دکھائی نہیں دیتے ہیں اوریہی رونا روتے رہتے ہیں کہ چیف جسٹس نچلی عدالتوں کو ٹھیک کرنے کی بجائے حکومت کو روز مرہ کے معاملات کے سلسلے میں عدالت میں طلب کیے رکھتے ہیں جس سے حکومت چلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے ، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بھی یہ شکوہ کرچکے ہیں کہ چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے بیورو کریسی سے جس طرح کا سلو ک روا رکھا جاتا ہے اس سے بیورو کریسی کو کام کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔

چیف جسٹس کے ان اقدامات کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت عوام کے مسائل کو خود حل کرنے کی کوشش کر ے تو عدالت کے پاس پھر کوئی وجہ نہیں رہتی ہے کہ وہ حکومت کے روز مرہ کے معاملات میں مداخلت کر ے ۔