اب اماراتی شہری 25 سال سے زیادہ عرصہ ملازمت کر سکیں گے

اماراتی ملازمین کو 25 سال ملازمت کے بعد بھی ریٹائرمنٹ نہ لینے کا اختیار مِل گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 7 جون 2018 13:36

اب اماراتی شہری 25 سال سے زیادہ عرصہ ملازمت کر سکیں گے
ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 7 جُون 2018ء) اماراتی حکام نے مقامی شہریوں کی خصوصی فلاح و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلہ لیا ہے جس کے تحت اُنہیں ریٹائرمنٹ کی عمر کے بعد بھی کسی دُوسری جگہ اپنی ملازمت کرنے کی آزادی ہو گی اور اس دوران اُنہیں پُرانی نوکری کی پنشن بھی مِلتی رہے گی۔ ابو ظہبی ریٹائرمنٹ‘ پینشن و بینیفٹ فنڈ نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سے اماراتی شہری سرکاری‘ نیم سرکاری اور نجی شعبوں میں مُلازمت کے 25 سال پُورے ہونے کے بعد بھی اپنی خواہش پر ملازمت کا سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔

ادارے کے مطابق اماراتی شہری اپنی سابقہ ملازمت سے حاصل ہونے والے انشورنس رائٹس اور دوسرے بینیفٹس جاری رکھتے ہوئے کسی نئی کمپنی میں بھی ملازمت اختیار کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس اقدام کا مقصد اماراتی شہریوں کو زیادہ عرصے تک ملازمت کا اختیار دینا اورمتعلقہ اداروں کو مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والے اماراتی شہریوں کی مہارت اور تجربے سے طویل عرصے تک فائدہ اُٹھانے کی سہولت دینا ہے۔

یہ سہولت اُن اماراتی شہریوں کے لیے ہے جنہوں نے کسی جگہ اپنی ملازمت کے 25 سال پُورے کر لیے ہوں گے۔ اس سہولت سے فائدہ اُٹھانے والی خواتین کی عمر کم از کم 55 سال جبکہ مردوں کی عمر 60 سال مقرر کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایک شرط یہ رکھی گئی ہے کہ اماراتی شخص کو پہلی ملازمت سے استعفیٰ دینے کے بعد چھے ماہ کے اندر اندر دُوسری ملازمت اختیار کرنا ہو گی۔

فنڈ کے مطابق اگر انشورنس یافتہ فرد ایسی کمپنی کے پاس ملازمت کر رہا ہے جو ابو ظہبی لوکل ریٹائرمنٹ سکیم سے منسلک ہے‘ اور اُس نے اپنی ملازمت کے 25 سال پُورے کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ کسی نئی کمپنی میں ملازمت اختیار کرے گا تو پھر ایسی صورت میں مذکورہ شخص کو اُس کی کمائی کا 80فیصد حصّہ بطور پنشن دیا جائے گا اور اس کے علاوہ اُسے 25 سال کی ملازمت کے بعد کے سالوں پر بونس بھی دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :