باجوڑ میں 2018کے عام انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل 26امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے

ضلع باجوڑ کے حلقہ این اے 40 اور این اے 41 کیلئے مختلف علاقوں میں ٹوٹل 336 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں ، جس میں مردوں کیلئے 38 اورخواتین کیلئے 36 الگ الگ پولنگ اسٹیشن جبکہ 262مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، آر او عارف خان یوسفزئی کی وفد سے گفتگو

جمعرات 7 جون 2018 17:46

باجوڑ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جون2018ء) باجوڑ میں 2018کے عام انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی گئی ہے۔اور اب تک 26امیدواروں نے کاغذات بھی جمع کئے ہیںجس میں سیاسی جماعتی کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہار ریٹرنگ آفیسر این اے 41عارف خان یوسفزئی اور این اے 40 انوارالحق اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر نے باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ خان کے قیادت میں صحافیوں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔

باجوڑایجنسی میں اسسٹنٹ الیکشن کمشنرپرویز اقبال ور ریٹرنگ آفیسر حلقہ این اے 41 عارف خان یوسفزئی ، ریٹرنگ آفیسر حلقہ این اے 40 کے مطابق ضلع باجوڑ کے حلقہ این اے 40 اور این اے 41 کیلئے مختلف علاقوں میں ٹوٹل 336 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں ، جس میں مردوں کیلئے 38 اورخواتین کیلئے 36 الگ الگ پولنگ اسٹیشن جبکہ 262مشترکہ پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق اس وقت ضلع باجوڑ میں کل ووٹوں کی تعداد 4 لاکھ92 ہزار 7 سو 32 ہے جس میں مردوں کی تعداد 2 لاکھ 88ہزار 9سو 58 جبکہ خواتین کی ووٹوں کی کل تعداد 2لاکھ 3ہزار7 سو 74 رجسٹرڈ کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ الیکشن کمشنر کے مطابق اس بار الیکشن رولز کے مطابق ہر پولنگ سٹیشن میں1200 تک ووٹ پول کیا جائے گا۔ جس میں لوگوں کو مزید آسانی ہوگی۔ ریٹرنگ آفیسر عارف خان یوسفزئی اور انوارالحق نے بتایا کہ باجوڑ میں کمپین چلانے میں کسی بھی سیاسی امیدوار کوکسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ یہ الیکشن خوشگوار ماحول میں ہونگے انہوں نے کہا کہ خواتین کو ووٹ استعمال میں علاقے میں کوئی دشواری نہیں ہے اور ان کو بھی مردوں کی طرح اپنی رائے کے استعمال کا پورا حق ہے اور اسلامی قوانین اور پردہ خوانین کیلئے ضروری ہے۔

باجوڑمیں امیدواروں کا کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے اور تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ریٹرنگ آفیسران کے مطابق باجوڑ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور سخت سیکورٹی میں الیکشن کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ باجوڑ میں 89 پولنگ اسٹیشن حساس اور 144 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں تاہم الیکشن کے دن قبائلی عمائدین اور عوام نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور الیکشن کی کامیاب انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔