اقتصادی اور تجارتی تعاون کیلئے چین ا مریکہ ملاقات جلد ہونی چاہیے

چین دونوں ملکوں کے درمیان کوئی تجارتی تنازعہ نہیں چاہتا،ترجمان چینی وزارت تجارت

جمعہ 8 جون 2018 18:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جون2018ء) چین نے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ اور توازن کیلئے جلد ملاقات کرے گا۔چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے کہ چین دونوں ملکوں کے درمیان کوئی تجارتی تنازعہ نہیں چاہتا اور نہ ہی وہ امریکہ کے ساتھ اس تنازع کو زیادہ ہوا دینا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار چین کی وزارت تجارت کے ترجمان گائو فینگ نے گزشتہ روز یہاں کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن میں طے کئے گئے اتفاق رائے پر عمل درآمد کیا جائے ۔چین اور امریکہ کی اقتصادی اور تجارتی ٹیموں نے 2جون کو بیجنگ میں جن معاملات پر غور کیا تھا ان میں مثبت اور ٹھوس پیش رفت ہوئی تھی ۔ چین کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اقتصادی اور کاروباری پیش رفت کا امریکہ کی طرف سے کوئی بھی تجارتی پابندیاں عائد کرنے پر اثر نہیں ہونا چاہیے جن میں درآمدی محصول نافذ کرنا بھی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے مشاورت کے دوران دونوں فریقین نے گہرائی میں اور ٹھوس بات چیت کی تھی جس میں تجارتی تعاون کے بعد مخصوص شعبوں جن میں زراعت اور توانائی بھی شامل ہے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ چین امریکہ سے درآمدات میں اضافہ کرنا چاہتا ہے اس لیے فریقین کے درمیان جلد از جلد ملاقات ہونی چاہیے۔ چین امریکہ کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے اور وہ چاہتا ہے کہ اختلافات ،مذاکرات کے ذریعے مناسب طریقے سے حل کئے جائیں ۔ ترجمان نے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ چین کے ساتھ مستحکم اور صحتمندانہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کرے گا۔