پاکستان ریلوے نے لاہور نارروال کے درمیان نارروال پسنجر کے نام سے نئی ٹرین کا افتتاح کر دیا

اتوار 10 جون 2018 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2018ء) پاکستان ریلوے نے لاہور نارروال کے درمیان نارروال پسنجر کے نام سے نئی ٹرین کا افتتاح کر دیا ۔ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نے ٹرین کا افتتاح آس محمد نامی مسافر سے کرایا۔نارووال پسنجر ٹرین نئی ٹرین 6 اکانومی کلاس کوچز پر مشتمل ہو گی جو لاہورسے صبح 10 بجے دن روانہ ہو کر دوپہر 12 بجکر 15 منٹ پر نارووال پہنچا کرے گی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے محمد سفیان سرفراز ڈوگر نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ناووال پسنجر ٹرین 6 صاف ستھری اور خوبصورت اکانومی کلاس کوچز پر مشتمل ہے اور اس کا لاہور سے نارووال کا کرایہ 100 روپے رکھا گیا ہے جبکہ شاہدرہ، نارنگ اور بدوملہی اس کے درمیانی سٹاپ ہوں گے۔ مذید براں ڈی ایس ریلوے لاہور کہنا تھا کہ نارووال پسنجر ٹرین سیکشن کے عوام کے دل کی آواز ہے اور اس ٹرین سے سیکشن کے گردو نواح کے ہزاروں مسافر مستفید ہوں گے۔ یاد رہے یہ ٹرین لاہور سے نارووال کے لیے صبح 10 بجے جبکہ نارووال سے لاہور کے لیے دوپہر 2 بجے روانہ ہوا کرے گی۔