آج متحدہ عرب امارات میں عید منائی جا رہی ہے

اماراتی ریاستوں کے سربراہان نے عید کی نماز ادا کی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 جون 2018 12:54

آج متحدہ عرب امارات میں عید منائی جا رہی ہے
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جُون 2018ء) متحدہ عرب امارات میں آج عید کا خوشیوں بھرا دِن ہے۔ مملکت کے طول و عرض میں آج صبح لوگوں نے عید کی نماز ادا کی اور ایک دوسرے سے گلے مِل کر عید کی مبارک باد دی۔ دُبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن رشید المکتوم جو کہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم بھی ہیں‘ انہوں نے عید الفطر کی نماز مسجد زبیل میں ادا کی۔

اس موقع پر اُن کے صاحبزادے اور دُبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن رشید المکتوم بھی ساتھ تھے۔ نماز کی ادائیگی کے بعد شیخ محمد بن رشید المکتوم نے نمازیوں سے گلے مِل کر اُنہیں عید کی مبارک باد دی۔ ابو ظہبی کے ولی عہد عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے عید کی نماز ابو ظہبی میں واقع شیخ زاید مسجد میں ادا کی۔

(جاری ہے)

ریاست عجمان کے فرمانروا قابلِ احترام شیخ حُمید بن راشد النُعیمی نے عید کی نماز اپنے صاحبزادے اور ولی عہد سیخ عمار بن حُمید النُعیمی کے ہمراہ عجمان کی شیخ راشد بن حُمید النُعیمی مسجد میں ادا کی ۔

اس موقع پر اعلیٰ عہدے داروں‘ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز افراد ‘عام شہریوں اور غیر مُلکی باشندوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سربراہ عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی صحت اور وفات پا چکے مومنین کے لیے خصوصی دُعائیں کی گئیں۔ فجیرہ کے حکمران عزت مآب شیخ حمد بِن محمد الشرقی نے عید کی نماز اپنے صاحبزادے اور ولی عہد شیخ محمد بن حمد بن محمد الشرقی کے ساتھ فجیرہ میں واقع شیخ زاید مسجد میں ادا کی۔

راس الخیمہ کے فرماں روا عزت مآب شیخ سعود بن سقر القاسمی نے عید الفطر کی نماز خُزام میں واقع عید گاہ میں ادا کی۔ جبکہ اُم القوین کے حکمران شیخ سعود بِن رشید المُعلّیٰ نے عید کی نماز شیخ زاید مسجد میں ادا کی۔ عید کی نماز کے اجتماعات کے دوران خطیب حضرات نے مسلمانوں کو حضورؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر رواداری‘ ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :