متحدہ عرب امارات:نیا ٹرانزٹ ویزہ سیاحت کے فروغ کا باعث بنے گا

رواں ہفتہ 48 گھنٹہ کا ٹرانزٹ ویزہ مفت کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 15 جون 2018 15:12

متحدہ عرب امارات:نیا ٹرانزٹ ویزہ سیاحت کے فروغ کا باعث بنے گا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جُون 2018ء) متحدہ عرب امارات کی حکومت کی طرف سے ٹرانزٹ ویزہ میں دی گئی سہولت کے باعث مملکت میں سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور معیشت کو مزید فروغ مِلے گا۔ تفصیلات کے مطابق اماراتی کابینہ کی جانب سے ایک فیصلہ لیا گیا ہے جس کے تحت اماراتی سرزمین پر ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پہلے 48 گھنٹوں کے دوران انٹری فیس کی مد میں کوئی رقم نہیں لی جائے گی۔

جس کے بعد ٹرانزٹ ویزہ کے حامل افراد کے پاس آپشن ہو گی کہ وہ صرف پچاس اماراتی درہم کے عوض اپنے ویزے کی مُدت میں مزید 96 گھنٹوں کی توسیع کروا سکتے ہیں۔ ابو ظہبی کے کلچر اور سیاحت کے ڈیپارٹمنٹ کے عہدے دار سیف سعید گوباش کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات میں سیاحتی سیکٹر کے لیے بہت اہم اور انقلابی ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

جس سے پتا چلتا ہے کہ مُلک کی قیادت سفری اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے دِل سے کوشاں ہے۔

کیونکہ 48 گھنٹوں کے لیے فری ٹرانزٹ ویزہ سے غیر مُلکی مسافر اس مُلک میں عارضی قیام کے دوران متحدہ عرب کے اہم ترین مقامات کی سیر کر سکیں گے۔ 2017ء سے ابوظہبی کی جانب سے مسافروں کو ابوظہبی ایئرپورٹ آمد کے وقت صرف 30 منٹ کے اندر 96 گھنٹوں کے لیے ویزہ دینے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ کابینہ کا حالیہ فیصلہ محدود مُدت کا قیام کرنے والے مسافروں کو وقت گزاری کے لیے یہاں کے تفریحی مقام کی سیاحت پر اُبھارے گا۔

ٹریول انڈسٹری کے ایک ماہر نے بھی اسے بہت اچھی خبر قرار دیا ہے۔ جس کا کہنا تھا کہ دُبئی اس وقت غیر مُلکی سیاحت کے اعتبار سے دُنیا کا چوتھا اہم ترین شہر ہے۔ جبکہ ویزہ پالیسی میں ہونے والی خوش آئندہ تبدیلی کے باعث یہاں سیاحتی سرگرمیوں کو مزید بڑھاوا مِلے گا۔ ٹرانزٹ ویزہ کی مُدت میں 96 گھنٹوں کی توسیع کے باعث سیاح یہاں ایک یا دو دِن قیام کریں گے جس کے باعث تفریحی مقامات اور ہوٹلز والوں کی چاندی ہو جائے گی۔ جبکہ متحدہ عرب امارات جیسی بین الاقوامی مارکیٹ سے لوگ اپنے مختصر قیام کے دوران بھی بھرپور طریقے سے شاپنگ کر سکیں گے۔ دُبئی کی ٹوور ازم اتھارٹی نے بھی اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ۔