سعودی عرب :حرم شریف میں ایک اور فرد کی جانب سے خود کُشی کیے جانے کا واقعہ

بنگلہ دیشی شخص نے مسجد الحرام کی چھت سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 جون 2018 13:43

سعودی عرب :حرم شریف میں ایک اور فرد کی جانب سے خود کُشی کیے جانے کا واقعہ
مکّہ معظمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جُون 2018ء) مُسلم اُمّہ کے مقدس ترین مقام خانہ کعبہ کے احاطے میں ایک اور شخص نے مسجد الحرام کی چھت سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ابتدائی تفصیلات کے مطابق 16 جُون 2018ء کو حرم پاک کے صحن میں موجود افراد میں اس وقت اچانک کھلبلی مچ گئی جب بالائی منزل سے ایک شخص انتہائی تیز رفتاری سے کُود کر صحن میں موجود سوڈانی باشندے پر آگرا۔

خود کُشی کی کوشش کرنے والے شخص کو اس کی تشویشناک حالت کے پیش نظر پہلے قریب واقع اجیاد ہسپتال لے جایا گیا پھر ایک دُوسرے نُور ہسپتال لے جا یاگیا۔ مگر شدید چوٹوں اور زخموں کے باعث جانبر نہ ہو سکا۔ جب کہ سوڈانی باشندے کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ خود کُشی کرنے والے کی شناخت بنگلہ دیشی باشندے کے طور پر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے یہ بات پُوری طرح واضح ہے کہ بنگلہ دیشی باشندہ کسی حادثے کا شکار ہو کر نیچے نہیں گرا بلکہ اُس نے خود چھت سے چھلانگ لگا کر خُود کُشی کی ہے۔

یہ رواں ماہ کے دوران خُود کُشی کا دُوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پیشتر 9جُون 2018ء کی رات عشاء کی نماز کے بعد حرمِ پاک میں موجود ایک الجزائری نژادافرانسیسی نے بھی بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی تھی۔ مذکورہ فرانسیسی مسلمان کی زمین پر گِرتے ہی اُس کے جسم کی ہڈیاں اور پسلیاں ٹوٹ چکی تھیں اور حالت بہت نازک تھی۔ موقع پر موجود میڈیکل ٹیم نے ابتدائی طبی امداد دینے کی بعد مذکورہ شخص کو فوراً قریب واقع ہسپتال منتقل کر دیا تھا مگر وہ زخموں اور چوٹوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جلد ہی دم توڑ گیا۔

مذکورہ دونوں واقعات میں حکام کے نزدیک خُود کُشی کرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی تھیں۔ مُسلم اُمّہ نے اس عظیم ترین مذہبی مقام پر خُود کُشی جیسے مذموم افعال کے ارتکاب کی سخت مذمت کی ہے اور حرمین شریفین کے منتظمین سے مطالبہ کیا ہے کہ چھتوں پر ایسے آہنی بیریئر لگائے جائیں جن کو پھلانگ کر کوئی شخص خود کُشی جیسے حرام فعل کا ارتکاب کر کے اس مقدس مقام کی حُرمت کو متاثر نہ کرے۔