Live Updates

ْنوازشریف، مریم کی وطن واپسی پر نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرینگے ،ْ بیرسٹر علی ظفر

جمعرات 21 جون 2018 18:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2018ء) نگران وزیراطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ زیر غور ہے اور اس سے متعلق فیصلہ ان کی وطن واپسی پر کریں گے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ نیب نے نوازشریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے درخواست دی ہے جس پر ایک کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں مجھ سمیت وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ بھی شامل ہیں۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ کمیٹی اس معاملے پر غور کررہی ہے البتہ نوازشریف ابھی ملک سے باہر ہیں اور ان کی اہلیہ کی حالت بھی تشویشناک ہے اس لیے ایسے وقت میں اس معاملے کو دیکھنا مناسب نہیں۔نگران وزیر اطلاعات نے کہاکہ نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ ایجنڈے پر ہے، ان کے وطن واپس آنے کے بعد اس پر فیصلہ کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات