سابق رکن قومی اسمبلی راجہ عامر زمان کا مسلم لیگ (ن) کے امیدواران بابر نواز خان اور راجہ فیصل زمان کی حمایت کا اعلان کر دیا

جمعہ 22 جون 2018 15:19

ہری پور۔ 20 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) پی ٹی آ ئی کے سابق ایم این اے راجہ عامر زمان کی مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار قومی اسمبلی بابر نواز خان اور اُمیدوار صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان کی حمایت کے اعلان نے ضلع ہری پور کی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی، دونوں اُمیدواروں کی پوزیشن مستحکم ہو گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے راجہ عامر ز مان کی مسلم لیگ (ن) کے حلقہ این اے 17 سے اُمیدوار قومی اسمبلی اور 2015ء کے ضمنی انتخابات میں اپنے حریف بابر نواز خان اور اُمیدوار حلقہ پی کے 41 رہنما مسلم لیگ (ن) راجہ فیصل زمان کی حمایت کے اعلان نے دونوں اُمیدواروں کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا کیونکہ راجہ عامر زمان کے بارے میں عام تا ثر موجود ہے کہ پی ٹی آئی کے علاوہ بھی اُن کا 50 ہزار سے زائد کا ذاتی ووٹ بنک موجود ہے جو دونوں اُمیدواروں کو ملنے سے اُن کی کامیابی یقینی ہو سکتی ہے تاہم مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار قومی اسمبلی بابر نواز خان کا ذا تی ووٹ بنک بھی 50 ہزار سے زائد ہے اور انہوں نے ضمنی انتخابات میں ڈیڑھ لاکھ کے قریب تاریخ ساز ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی، اس کے علاوہ ضلع ہری پور کی سیاست میں ان کا خاندان خاصی اہمیت کا حامل ہے، دوسری جانب اُن کے مد مقابل پی ٹی آئی کے اُمیدوار حلقہ این اے 17 و سابق وزیر مملکت عمر ایوب خا ن نے بھی سر دھڑ کی بازی لگا رکھی ہے، انہیں پی ٹی آ ئی کی تحصیل اور ضلع کی مقامی حکومتوں کے ممبران کی بھی بھرپور حمایت حا صل ہے، حلقہ پی کے 41 سے مسلم لیگ (ن) کے اُمیدوار صوبائی اسمبلی راجہ فیصل زمان بھی مذکورہ حلقہ کی سیاست کا انتہائی اہم جزو گردانے جاتے ہیں، ان کے والد راجہ سکندر زمان مرحوم وزیراعلیٰ کے پی کے بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ خود بھی اس حلقہ سے تین بار ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہو کر صوبائی وزیر کے عہدے تک پہنچے ہیں۔