سول سرونٹ کے جلدی ڈیسک چھوڑنے پر جاپانی حکام کی ٹی وی پر آکر معافی

جمعہ 22 جون 2018 21:26

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2018ء)جاپان میں ایک سول سرونٹ کے لنچ ٹائم سے 3 منٹ پہلے چلے جانے پر جاپانی حکام نے قومی ٹی وی چینل پر ایک نیوز کانفرنس کے دوران جھک کر معافی مانگی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جاپانی شہر کوبے میں واٹر ورکس بیورو میں کام کرنے والا ایک 64 سالہ سول سرونٹ آفس کا لنچ ٹائم شروع ہونے سے تین منٹ پہلے ہی قریبی ریسٹورنٹ سے کھانا خریدنے چلا گیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ سول سرونٹ کا نام نہیں بتایا گیا تاہم یہ ضرور سامنے آیا ہے کہ وہ 7 ماہ کے عرصے کے دوران 26 مرتبہ ایسا کرچکا ہے۔کوبے سٹی کے حکام نے اس حرکت کو 'انتہائی قابل مذمت' قرار دیتے ہوئے ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس کے دوران معافی مانگی اور کہا کہ ہم معذرت خواہ ہیں۔واضح رہے کہ جاپان میں لنچ بریک دوپہر 12 سے 1 بجے کے درمیان ہوتا ہے تاہم مذکورہ سول سرونٹ لنچ سے پہلے ہی ڈیسک سے اٹھ گیا تھا، جس کی نشاندہی اس کے ایک ساتھی نے کی تھی۔دوسری جانب مذکورہ سول سرونٹ کی آدھے دن کی تنخواہ بھی کاٹ لی گئی۔