سول سرونٹ کے محض 3منٹ جلدی ڈیسک چھوڑنے پر جاپانی حکام نے معافی مانگ لی،اقدام قابل مذمت قرار

جمعہ 22 جون 2018 21:44

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2018ء)ایک سول سرونٹ کے صرف 3منٹ جلدی ڈیسک چھوڑنے پر جاپانی حکام نے ٹی وی پر آکر معافی مانگ لی، حکام نے اس حرکت کو 'انتہائی قابل مذمت' قرار دے دیا۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق جاپانیوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ وقت کے انتہائی سخت پابند ہوتے ہیں اور اس کا ثبوت اس وقت دیکھنے کو ملا جب ایک سول سرونٹ کے لنچ ٹائم سے 3 منٹ پہلے چلے جانے پر جاپانی حکام نے قومی ٹی وی چینل پر ایک نیوز کانفرنس کے دوران جھک کر معافی مانگی۔

(جاری ہے)

دی انڈیپنڈنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق جاپانی شہر کوبے (Kobe) میں واٹر ورکس بیورو میں کام کرنے والا ایک 64 سالہ سول سرونٹ آفس کا لنچ ٹائم شروع ہونے سے تین منٹ پہلے ہی قریبی ریسٹورنٹ سے کھانا خریدنے چلا گیا۔مذکورہ سول سرونٹ کا نام نہیں بتایا گیا تاہم یہ ضرور سامنے آیا ہے کہ وہ 7 ماہ کے عرصے کے دوران 26 مرتبہ ایسا کرچکا ہے۔کوبے سٹی کے حکام نے اس حرکت کو 'انتہائی قابل مذمت' قرار دیتے ہوئے ٹی وی پر ایک پریس کانفرنس کے دوران معافی مانگی اور کہا کہ 'ہم معذرت خواہ ہیں'۔