نظریہ پاکستان ہی تحفظ پاکستان کی ضمانت ہے، مولوی نوراللہ

پیر 25 جون 2018 21:56

کوئٹہ۔25جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2018ء) متحدہ مجلس عمل بلوچستان کے صدر اور پی بی 3سے نامزد امیدوار مولوی نوراللہ نے کہا ہے کہ دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل نے بلوچستان بھر میں قومی وصوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لیے اپنے امیدوار نامزد کردئیے ہیں اگر ضرورت پڑی تو صوبے کی مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرینگے۔

یہ بات انہوں نے پیر کو’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

مولوی نوراللہ نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہی تحفظ پاکستان کی ضمانت ہے ،ووٹ کی پرچی کے ذریعے عوام کو بلوچستان کی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع ملا ہے اس لیے عوام 25 جولائی کو اپنے قیمتی ووٹ متحدہ مجلس عمل کے نامزد امیدواروں کے حق میں کاسٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے دینی جماعتوں کا اتحاد اور بلوچستان کے عوام کے لیے امید کی کرن ہے ،عوام کی خدمت ہماری سیاست کا محور ہے ،مولوی نوراللہ نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل ملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرینگے ،بلوچستان کے تمام حلقوں سے ایم ایم اے کے نامزد امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے اور عوامی تائید کی بدولت ہی متحدہ مجلس عمل 25جولائی کے عام انتخابات میں بلوچستان میں بھر پور کامیابی حاصل کرینگے۔