انسداد منشیات کے عالمی دن پر گلوبل این جی او کے زیر اہتمام انسداد منشیات شعورو آگاہی سیمینار اور ریلی کا انعقاد

منگل 26 جون 2018 13:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) اس وقت پوری دنیا میں تقریباً20کروڑ افراد نشے کے عادی ہیں اور انکی تعدادمیں بڑی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے،اسی طرح سالانہ40لاکھ نشے کے عادی افراد جان کی بازی ہاردیتے ہیں جبکہ پاکستان میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد70لاکھ تک پہنچ چکی ہے ، اسی طرح پاکستان میں بھی 2.5لاکھ افراد ہر سال نشے کی عادت کے باعث موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں جو مختلف قسم کی منشیات اور اس کے استعمال کے الگ الگ طریقے اپناتے ہیں ، پاکستان میں نشے کا استعمال کرنے والوں میں 80فیصد مرد اور20فیصد خواتین شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار گلوبل این جی او کے مرکزی صدر ڈاکٹر ظفر اقبال میاں، ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹر سلیم اختر، ڈائریکٹر جنرل سردار عبدالرزاق ،پروگرام ڈائریکٹر ڈاکٹر ثوبیہ اکرام، وائس پرنسپل گلوبل سکول برائے آٹزم وسپیشل ایجوکیشن سمائلہ کمال،ڈاکٹر صومیہ دائود، جنرل مینجر چوہدری ثاقب علی اور سیکرٹری انفارمیشن ڈاکٹر محمد افضل میو نے انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر گلوبل این جی کے زیر اہتمام منعقدہ انسداد منشیات شعور وآگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے عالمی دن برائے انسداد منشیات کے موقع پر عہد کیا کہ گلوبل این جی او انسداد منشیات پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیںگے ۔معاشرے میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کے لئے اپنا اپنا بھرپور کرادار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ خصوصاً نوجوان نسل کو منشیات کی بتاہ کاریوں سے بچانے کے لئے گلوبل این جی او پاکستان کا پروگرام انتہائی قابل ستائش ہے اور اس میں ہم کو حصہ لینا چاہیے تاکہ معاشرے کو منشیات کی تباہ کاریوں سے بچایا جاسکے۔

اور اس میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنے ، انہیں صحت مند زندگی گزارنے کا موقع دیا جائے تاکہ وہ بھی معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ آخر میں انسداد منشیات شعور و آگاہی ریلی نکالی گئی جس میں گلوبل این جی او ، میڈیا کے نمائندوں، سماجی رہنمائوں، گلوبل یوتھ کلب برائے انسداد منشیات کے ممبران، تاجر رہنمائوں اور سول سوسائٹی کے افراد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔