فیفا ورلڈ کپ کے گروپ بی میں کے آخری مقابلوں میں پرتگال اور ایران کے ساتھ اسپین اور مراکش کا میچ بھی برابر

یورپیئن ٹیموں اسپین اور پرتگال نے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ،ْایران کی ٹیم عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی

منگل 26 جون 2018 15:14

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2018ء) فیفا ورلڈ کپ کے گروپ بی میں کے آخری مقابلوں میں پرتگال اور ایران کے ساتھ ساتھ اسپین اور مراکش کا میچ بھی برابر ہو گیا جس کے بعد یورپیئن ٹیموں اسپین اور پرتگال نے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔گزشتہ روز پرتگال اور ایران کے درمیان کھیلے گئے میچ میں پرتگال نے مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کیا تاہم گزشتہ میچوں کی نسبت وہ زیادہ فارم میں نظر نہ آئی ،ْپہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ برابر رہا لیکن ہاف ختم ہونے سے چند لمحے قبل ریکارڈو کواریسما نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

دوسرے ہاف کے ابتدائی لمحات میں ہی پرتگال کو برتری دگنی کرنے کا نادر موقع ملا تاہم ریال میڈرڈ کے سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو پینالٹی پر گول اسکور نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایران نے بھی حریف ٹیم کے خلاف گول کی کوششیں شروع کیں جبکہ دوسرے گول کیلئے سرگرداں پرتگال نے متعدد فاؤل کیے اور ان کے 4 کھلاڑیوں پیلا کارڈ دکھایا گیا۔میچ پرتگال کی فتح کے ساتھ اختتام کی جانب گامزن تھا کہ میچ کے 90منٹ مکمل ہونے کے بعد انجری ٹائم کے تیسرے منٹ میں ایران پینالٹی ملی جس پر کریم انصاری فرد نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

ایران کو چند منٹ بعد ہی گول کرنے کا ایک اور نادر موقع ملا لیکن ایرانی اسٹرائیکر گیند کو گول میں نہ پھینک سکے اور میچ برابر ہونے کے ساتھ ہی پرتگال نے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ ایران کی ٹیم عالمی کپ کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔دوسری جانب کلی ننگریڈ میں اسپین اور مراکش کے درمیان بھی میچ دلچسپ مقابلے کے بعد برابری پر ختم ہوا جس کے ساتھ اسپین لگاتار دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہونے سے بال بال بچ گیا ،ْمیچ کی ابتدا میں ہسپانوی شائقین کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب 14ویں منٹ میں خالد بوطیب نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی لیکن 19ویں منٹ میں اسکو کے گول نے مقابلہ برابر کردیا ،ْاس کے بعد مراکش کے چار کھلاڑیوں کو فاؤل کرنے پر پیلا کارڈ دکھایا گیا لیکن دونوں ٹیموں میں سے کوئی بھی گول نہ کر سکا اور پہلا ہاف 1-1 سے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔

دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں خصوصاً اسپین کو گول کرنے کے چند مزید مواقع ملے لیکن وہ فائدہ نہ اٹھا سکیں تاہم 81ویں منٹ میں یاسف ناصری نے گول کر کے مراکش کو میچ میں دوسری مرتبہ برتری دلا دی ،ْاس گول کے ساتھ ہی اسپین کے ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا تاہم 91ویں منٹ میں آس پاس کے گول نے مقابلہ برابر کر کے اپنی ٹیم کو عالمی کپ سے باہر ہونے سے بچا لیا ،ْجب میچ ختم ہوا تو 2-2 کا اسکور اسپین کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کا اعلان کر رہا تھا جبکہ مراکش کی ٹیم ایونٹ میں کوئی بھی میچ نہ جیت سکی اور ایک پوائنٹ کے ساتھ اس کا بھی عالمی کپ میں سفر اختتام پذیر ہوا۔

اگر اسپین کی ٹیم یہ میچ ہار جاتی تو بہتر اوسط کی بنیاد پر ایران کی ٹیم اگلے راؤنڈ میں پہنچ جاتی تاہم دونوں میچ برابر ہونے کے سبب پرتگال اور اسپین اگلے راؤنڈ میں پہنچ گئے ،ْاب ورلڈ کپ کے اگلے راؤنڈ میں اسپین کا مقابلہ میزبان روس اور پرتگال کا یوراگوئے سے ہو گا۔

متعلقہ عنوان :