کیلیفورنیا، جنگلاتی آگ کی تباہی،

12عمارات جل کر خاکستر، 600خطرے سے دوچار، 3ہزار افراد بے گھر

منگل 26 جون 2018 16:03

کیلیفورنیا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں جنگلاتی آگ نے کئی عمارتوں کو خاکستر جب کہ 3ہزار افراد کو بے گھر کر دیا۔غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی حصے میں لگنے والی جنگلاتی آگ نے کئی عمارتوں کو جلا دیا جبکہ سینکڑوں دیگر خطرات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کلیئر لیک اوکس کے قریب گزشتہ ہفتے کے روز لگنے والی آگ کے سبب اب تک 12 عمارات جل چکی ہیں جبکہ 600 کے قریب دیگر عمارات اس خطرے سے دو چار ہیں۔ گزشتہ اتوار کے روز تک قریب 12 مربع میل کا علاقہ اس آگ کی لپیٹ میں آ چکا تھا۔ حکام نے سپرنگ ویلی نامی علاقے کے تمام مکینوں کو گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا ہے جن کی تعداد 3 ہزار کے قریب ہے ۔