جبری مشقت کے خاتمے کے قانون پر اصل روح کے مطابق عمل کروایا جائے،ڈی سی سرگودھا

منگل 26 جون 2018 16:08

سرگودھا۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر سرگودھا مظفر خان سیال نے محکمہ لیبر کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ جبری مشقت کے خاتمہ کے قانون پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد کروائیں اور حادثے کے شکار ورکرز کو مالکان کی طرف سے فوری ادائیگی کوبھی یقینی بنایا جائے۔ وہ محکمہ لیبر کی طرف سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر عزیر عباس نے بتایاکہ ضلع سرگودہا میں 612 رجسٹرڈ فیکٹریاں ہیں جہاں پندرہ ہزار سے زائد ورکرز کام کر رہے ہیں ، محکمہ لیبر کے پاس 27 ٹریڈ یونین رجسٹرڈ ہیں ، اسی طرح ضلع بھر میں 309 بھٹہ خشت او ر 9792 دکانیں رجسٹرڈ ہیں ، حکومت نے بھٹہ خشت مزدوروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے کئی منصوبے شروع کر رکھے ہیں جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بچوں کی جبری مشقت بارے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے، اب تک تیس بھٹہ مالکان کیخلاف مقدمات درج کر کے چار کو گرفتار کیا گیا ، جبکہ بچوں کی جبری مشقت کے خاتمہ کی خلاف ورزی پر درجنوں فیکٹری اور دکان مالکان سے بھاری جرمانے بھی وصول کئے گئے ہیں ، ڈی سی نے محکمہ لیبر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :