اسلام آباد ہائیکورٹ کا کابینہ کمیٹی کے ذریعے مستقل ملازمین کو پوسٹنگ آرڈر جاری کرنے کاحکم

منگل 26 جون 2018 19:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی محکموں کے کنٹریکٹ و ڈیلی ویجزملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر کابینہ کمیٹی کے ذریعے مستقل ملازمین کو پوسٹنگ آرڈر جاری کرنے کاحکم دے دیا ہے۔منگل کو عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بیچ نے ملازمین کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

عدالت نے تحریری حکم دیا کہ تمام وزارتیں اور ڈویژن مستقل ملازمین کو 90روز میں جوائننگ آرڈر جاری کریں ، ایسے ملازمین کی مستقلی ان کے نوٹیفکیشن \جوائننگ آرڈر کی تاریخ سے تصور ہوگی،وزیر کیڈ 90روز میں گریڈ 1-15 کے ملازمین کو مستقل کرنے کے لیے کابینہ سے منظوری لیں،گریڈ سولہ سے اوپر کے پراجیکٹ کے ملازمین کے کیسز ایف پی ایس سی کو بھجوانے کا حکم دیا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا کہ گریڈ1-15کے پراجیکٹ ملازمین کو چھ ماہ میں مستقل کیا جائے جبکہ گریڈ 16کے تمام ایڈہاک ملازمین کے کیسزایف پی ایس سی کو بھجوانے کا حکم دیا ہے ،تحریر ی حکم نامے کے مطابق ایڈہاک ملازمین سے متعلق مستقلی کے لیے ایف پی ایس سی چھ ماہ میں ٹیسٹ ،انٹرویو یا براہ راست رائے دے ،پراجیکٹ ختم ہونے کی صورت میں ملازمین مستقل نہیں ہوں گے ان کو آئندہ ملازمتوں میں اضافی نمبر دیئے جائیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ کوئی بھی نئی ریگولرائزیشن پالیسی جاری کرنے سے روک دیا ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ عارضی تعیناتیاں کرنے سے بھی روک دیا ہے ۔عدالت نے حکم دیا کیا کہ وفاقی حکومت کو پالیسی کی بجائے ملازمین مستقلی کے لیے صوبائی حکومتوں کی طرز پرقانون میں تبدیلی کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :