صارم ٹرسٹ کی کوششوں سے دوسری بار معصوم بچہ عمر کوٹ سے بازیاب ہونے کے بعد ماں کے حوالے

سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر بچے کو اس کے باپ سے بازیاب کرواکر ماں کے حوالے کیا گیا ، صارم برنی ٹرسٹ

منگل 26 جون 2018 20:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جون2018ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کی کوششوں سے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد شفیع صد یقی کے احکامات پر عمر کوٹ سے معصوم بچے کی بازیابی کو ممکن بنایا گیا ۔ بازیاب کروانے کے بعدڈھائی سالہ محمد مزمل کو ماں کے حوالے کرنے کا حکم دیا گیا ۔ ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق ایک خاتون نے صارم برنی ٹرسٹ میں آکر درخواست دی تھی کہ وہ کراچی میں رہتی ہے اور اس کا شوہر شبیر احمد سندھ کے شہر عمر کوٹ سے تعلق رکھتا ہے اور اس کے شوہر شبیر احمد نے اس کو گھر سے مار پیٹ کرکے اور دھکے دے کر نکال دیا جب کے اس سے اسکے دودھ پیتے بچے کو بھی چھین لیا ہے چناچہ اس خاتون نے نہایت کسمپرسی کی حالت میں صارم برنی ٹرسٹ کے چیئر مین صارم برنی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اوپر ہونے والے ظلم کی داستان سنائی جس پر صارم برنی نے اپنی وکلاء ٹیم کو ہدایات جاری کیں کہ اس سلسلے میں وہ فوراًً سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کریں اور ہوم سیکریٹری سندھ سے فوری طور پر اجازت نامہ لے کر بچے کو بازیاب کروایا جائے ۔

(جاری ہے)

چناچہ صارم برنی ٹرسٹ کی وکلاء ٹیم کی اولین ترجیحات پر سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ سے باضابطہ طور پر کراچی میں مقدمہ دائر کرنے کی اجازت لی اور 05 مارچ 2018 کو ایس ایچ او عمر کوٹ کو احکامات جاری ہوئے کہ وہ بچہ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کریں چناچہ 05 مارچ کو بچے کو عدالت کے حکم پر ماں کے حوالے کیا گیا لیکن چند ہی دن میں باپ بچے کو دوبارہ ماں سے چھین کر لے گیا جس پر عدالت عالیہ نے صارم ٹرسٹ کی درخواست پر ایس ایس پی عمر کوٹ کو سخت نوٹس جاری کروائے اور بچے کو 13جون 2018 کو دوبارہ ماں کے حوالے کر وایا گیا جب کہ عدالت عالیہ کے جسٹس شفیع صدیقی نے بچے کو ماں کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کئیے بچے کے دوبارہ ملنے کے بعد بچے کی ماں نے صارم برنی ٹرسٹ کے چیئر مین صارم برنی کا شکریہ ادا کیا