جاپان، شدید زلزلوں کے خطرات والے علاقوں کا نقشہ جاری

بدھ 27 جون 2018 11:45

جاپان، شدید زلزلوں کے خطرات والے علاقوں کا نقشہ جاری
ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) جاپان کے محکمہ موسمیات نے شدید زلزلے کے خطرات والے علاقوں کا نقشہ جاری کر دیا۔ جاپان کے نشریاتی ادارے کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردی نئے نقشے میں دکھایا گیا ہے کہ ٹوکیو اور اس کے اِردگرد کے علاقے اور جاپان میں بحرالکاہل کے ساحل پر واقع شہروں کو آئندہ 30 سالوں میں شدید زلزلوں کا خطرہ درپیش ہے۔

یہ نقشہ 7 درجے شدت تک کے جاپانی زلزلہ پیما پر آئندہ 30 سالوں میں 6 یا اِس سے زیادہ شدّت کے جھٹکے سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے ہر علاقے کو ظاہر کرتا ہے۔ نئے نقشے میں شمالی جزیرے ہوکّائیدو میں خطرے کے نمایاں اضافے کو دکھایا گیا ہے۔اِس جزیرے کے مشرقی حصّے میں واقع شہر نیمٴْورو میں شدید زلزلہ آنے کا امکان 78 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

یہ گزشتہ سال اپریل میں جاری کیے جانے والے نقشے کے مقابلے میں 15 پوائنٹس زیادہ ہے۔

ٹوکیو کے علاقے شِن جٴْوکٴْو کو درپیش خطرہ 48 فیصد بتایا گیا ہے جبکہ اوساکا شہر جہاں گزشتہ ہفتے 6 منفی کا زلزلہ آیا تھا، وہاں کے لئے شدید زلزلے کے خطرے کا امکان کو 56 فیصد ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ماہرین کے پینل کے سربراہ ناؤشی ہِراتا کا کہنا ہے کہ جاپان میں ایسا کوئی مقام نہیں ہے جہاں منفی 6 شدت یا اِس سے شدید زلزلہ آنے کا امکان صفر ہو، لہٰذا ہر شخص کو طاقتور زلزلوں کے لئے تیار رہنا چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :