سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نا اہل قرار

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 27 جون 2018 12:46

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نا اہل قرار
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 جون 2018ء) : عام انتخابات 2018ء سے قبل ہی مسلم لیگ ن کو ایک کے بعد ایک دھچکا لگ رہا ہے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ایپلٹ ٹریبونل نے این اے 57 پرسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات منظور کیے جانے کے خلاف درخواست پر ان کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے دلائل دیئے کہ میرے موکل نے اپنے تمام اثاثہ جات ظاہر کردیئے ہیں، دونوں کاغذات نامزدگی میں ایک جیسا ہی ظاہر کیا گیا ہے، میرے موکل نے دونوں فارمز میں ائیر لائن کے شیئرز کا ذکر کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کاعذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ نہیں کی گئی، میرے وکیل نے عدالت کے سامنے اضافی معلومات پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بیان حلفی کی وجہ سے مسئلہ پیدا ہوا جس کی ضرورت نہیں تھی، حلف نامے سے مشکلات پیدا ہورہی ہے، پہلے بھی کہا تھا کہ الیکشن کے فیصلے عدالت نہیں عوام کرتے ہیں۔

قبل ازیں عام انتخابات کے لیے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی حلقہ این اے 53 اسلام آباد کے بعد آبائی حلقہ این اے 57 میں چیلنج کردیے گئے تھے۔ اپیلٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعظم کو پچیس جون کو طلب کیا۔ ٹمپرنگ شدہ کاغذات منظورکرنے پر آراو کے اختیارات بھی معطل کر دیے گئے تھے۔ اپلیٹ ٹریبونل میں جسٹس عباد الرحمن نے شاہد خاقان کے خلاف مسعود عباسی کی اپیل پر سماعت کی تھی اور حلقہ این اے 57 کے ریٹرننگ افسرعدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزارنے موقف اپنایا تھا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کاغذات میں اپنے اثاثے کم ظاہر کئے جبکہ کاغذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ بھی کی۔ متعلقہ ریٹرننگ افسر نے تمام غلطیوں اور تبدیلیوں کو تسلیم کیا تھا جبکہ ٹریبونل نے دلائل سننے کے بعد متعلقہ ریٹرننگ افسرکو 25 جون تک کام کرنے سے روک دیا تھا اور سابق وزیراعظم کو اگلی پیشی پرطلب کیا گیا تھا۔ اگلی پیشی پر ٹربیونل نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنا دیا گیا ہے۔ فیصلے میں ایپلٹ ٹربیونل نے سابق وزیر اعظم کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے انہیں راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 سے نا اہل قرار دے دیا۔