شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات کے معائنے کے لیے ماہرین روانہ کرنے کو تیار ہیں، جاپانی وزیر خارجہ

بدھ 27 جون 2018 13:27

ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) جاپان کے وزیر خارجہ تارو کونو نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری تنصیبات کے ممکنہ معائنے کے لیے ہم ماہرین روانہ کرنے پر تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انڈونیشیا کے دورے کے دوران جکارتہ میں میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ سنگاپور میں امریکا اور شمالی کوریا کے مابین سربراہ ملاقات کے بعد جاپان نے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے میں پیشرفت کے لیے ملک کی جوہری تنصیبات کے معائنے بین الاقوامی جوہری توانائی کی ایجنسی سے کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا سے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سے کئی ملکوں کی بحرانی صورتحال کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے سے مستفید ہونے والے ممالک کا اس مقصد کے حصول کے لیے مدد فراہم کرنا قدرتی عمل ہے۔ تاروکونو نے نشاندہی کی کہ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے عمل میں کئی ماہرین کی ضرورت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کو اس میدان میں خصوصی تجربہ حاصل ہے۔