چین یکم جولائی سے جانوروں کی خوراک پر ڈیوٹی ختم کر دیگا

امریکہ سے تجارتی تنازعات کے بعد چین نے خوارک کے متبادل ذرائع تلاش کر لیے سری لنکا سمیت پانچ ملکوں سے سویابین،سویا میل اور بیج درآمد کئے جائینگے ،چینی وزات خزانہ

بدھ 27 جون 2018 14:40

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 جون2018ء) چین جانوروں کی درآمدی خوراک پر ڈیوٹی ختم کر دے گا۔خوراک میں سویابین،سویا میل اور بیج شامل ہیں جو سری لنکا سمیت پانچ ملکوں سے درآمد کئے جاتے ہیں۔چینی وزارت خزانہ کے مطابق چین کا یہ اقدام امریکہ سے تجارتی تنازعات کے بعد خوارک کے متبادل ذرائع تلاش کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت کے مطابق چین اس سلسلے میں سویابین، سویا میل اور سویا بین سے بنی اشیاء جبکہ بھارت،بنگلہ دیش، لائوس، جنوبی کوریا اور سری لنکا سے مچھلیوں کی خوراک پرسے بھی درآمدی ڈیوٹی واپس لے لے گا، چین کے اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا، چین نے درآمدی ڈیوٹی واپس لینے کا یہ فیصلہ مارچ میں کیا تھا جس کا مقصد امریکہ پر انحصار کم کرنا ہے۔

چین ایک معاہدے کے تحت 2000اشیاء پر سے درآمدی ڈیوٹی کم یا ختم کرنا چاہتا ہے۔جنوری 2017میں یہ معاہدہ ایشیاء بحر الکاہل تجارتی معاہدہ کے نام سے تھائی لینڈ میں طے پایا تھا،جس پر مارچ میں وزارت خزانہ نے یکم جولائی سے عمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔