تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ، بھارت بدستور سرفہرست، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر برقرار

جیسن ہولڈر کی تینوں شعبوں میں ترقی، ہولڈر کی بلے بازوں میں 10، بائولرز میں 11 اور آل رائونڈرز میں 3 درجے ترقی، شین ڈورچ کی 14 درجے چھلانگ، کاسن راجیتھا کی 27، لاہیرو کمارا کی 10 درجے ترقی

بدھ 27 جون 2018 21:42

تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ، بھارت بدستور سرفہرست، سری لنکا چھٹے، پاکستان ..
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) بھارتی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے، سری لنکا چھٹے، پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر موجود ہے، ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر کی تینوں شعبوں میں ترقی ہوئی ہے، وہ بلے بازوں میں 10 درجے ترقی پا کر 54ویں، بائولرز میں 11 درجے اوپر چڑھ کر 25ویں اور آل رائونڈرز میں 3 درجے ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے، شین ڈورچ بھی 14 درجے ترقی کے ساتھ 51ویں نمبر پر آ گئے، سری لنکن بائولرز کاسن راجیتھا نے 27 اور لاہیرو کمارا نے 10 درجے چھلانگ لگائی ہے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے، بلے بازوں میں سٹیون سمتھ بدستور سرفہرست ہیں، سری لنکا کے نیروشن ڈکویلا 3 درجے اوپر چڑھ کر 37ویں، ویسٹ انڈیز کے شین ڈورچ 14 درجے بہتری کے ساتھ 51ویں، جیسن ہولڈر 10 درجے بہتری کے ساتھ 54ویں اور دلروون پریرا 2 درجے بہتری کے ساتھ 85ویں نمبر پر آ گئے، بائولرز میں کگیسوربادا سرفہرست ہیں، جیسن ہولڈر 11 درجے ترقی پا کر 25ویں، سرنگا لکمل ایک درجہ اوپر چڑھ کر 28ویں، لاہیرو کمارا 10 درجے ترقی پا کر 41ویں اور کاسن راجیتھا 27 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 44ویں نمبر پر آ گئے، آل رائونڈرز میں شکیب الحسن پہلے نمبر پر برقرار ہیں، ہولڈر 3 درجے ترقی پا کر چھٹے نمبر پر آ گئے۔