نگران حکومت ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے،رشیدخان

بدھ 27 جون 2018 23:19

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے ماحولیات ،کھیل وسیاحت محمدرشید خان نے کہا ہے کہ نگران حکومت ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔خیبر پختونخوا جغرافیائی اعتبار سے جنگلات اور جنگلی حیات کی افزائش کے لیے انتہائی موزوں ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قدرتی وسائل کیلئے بہتر حکمتِ عملی کے تحت جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو ان وسائل سے بھرپور استفادہ حاصل ہو اور صوبے کے قدرتی حسن میں اضافے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی نگران وزیر برائے ماحولیات محمدرشیدخان نے بدھ کے روز محکمہ ماحولیات کے اعلیٰ احکام کی جانب سے سول سیکرٹریٹ میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کیا، اس موقع سیکرٹری ماحولیات ذاکرحسین آفریدی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

نگران وزیر کو حکام نے محکمہ ماحولیات کے جاری منصوبوں اور دیگر متعلقہ شعبوںسے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

حکام نے بتایا کہ396.432 ملین کی لاگت سے پاکستان فارسٹ انسٹی ٹیوٹ کے 8 منصوبوں،115.757 ملین کی لاگت سے جنگلی حیات کے تحفظ کے 4 منصوبوں پر15 ملین اورریشم کی پیداوار کے 2منصوبوں پر2 ملین روپے کی لاگت سے کام جاری ہے۔ حکام نے صوبائی وزیر کو محکمہ ماحولیات کو درپیش چیلنجز سے بھی اگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جنگلی حیات کے تحفظ و افزائش اور بلین ٹری سونامی کے تحت ا-گائے جانے والے پودوں کی دیکھ بھال و افزائش پر اٹھنے والے اخراجات سمیت دیگر جاری اور مجوزہ منصوبوں کے لئے 531 ملین روپے درکار ہیں۔

نگران صوبائی وزیررشید خان نے حکام کو ہدایت کی وہ محکمے کودرکار فنڈز کے حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کریں تاکہ محکمہ فنانس اور منصوبہ بندی کے ساتھ معاملہ اٹھانے کے علاوہ اسے نگران کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ آئندہ چار مہینوں کے لئے پیش کئے جانے والے بجٹ میں اس ضمن میں فنڈز مختص کئے جائیں۔ نگران وزیر نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق محکمہ ماحولیات کی ترقی اور عوام تک اس کے ثمرات پہنچانے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔