ْسپریم کورٹ میں پی آئی اے کے طیاروں پر پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر سے متعلق کیس کی سماعت

جمعرات 28 جون 2018 23:51

ْسپریم کورٹ میں پی آئی اے کے طیاروں پر پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر ..
اسلام آباد۔28 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جون2018ء) سپریم کورٹ نے پی آئی اے میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں اورطیاروں پرقومی پرچم کی بجائے مار خور کی تصویر لگانے کے حوالے سے کیس میں گذشتہ 10 سال کا سپیشل آڈٹ کرانے کا حکم جاری کردیا ہے اورسابق مشیر شجاعت عظیم اور سابق ایم ڈی اسلم آغا کا نام عبوری طورپر ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت کرتے ہوئے دونوں کو عارضی طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے ۔

جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں پی آئی اے کے طیاروں پر پرچم کی جگہ مارخور کی تصویر سے متعلق کیس کی سماعت کی ، اس موقع پر چیف جسٹس نے کہاکہ مارخور کی تصویر لگانے کی بجائے جہازوں کے باتھ رومز کو بہتر کرلیا جاتا، انہوں نے واضح کیا کہ اس کیس میں مداخلت کا مقصد پی آئی اے کے خسارے کی وجوہات جاننا ہیں تاکہ اس صورتحال کوٹھیک کیاجائے ۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے مزید کہاکہ پسندو ناپسند کے باعث ادارے کو نقصان پہنچ چکا ہے لیکن جو لوگ ذمہ دار ہیں انہوں نے ہائوسنگ سوسائٹیاں اور فارم ہائوس بنارکھے ہیں، اوراب وہ یہاں کے امیر ترین لوگ بن چکے ہیں،اصل معاملہ یہ ہے کہ پی آئی اے کی انتظامیہ مضبوط ہاتھوں میں ہونی چاہئے۔ بعدازاں عدالت نے شجاعت عظیم اور سابق ایم ڈی اسلم آغا کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے دونوں کو عارضی طور پر بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے آڈیٹر جنرل کو ہدایت کی کہ قومی ائیرلائن کے معاملات کا گزشتہ 10 سال کا اسپیشل آڈٹ کیاجائے ،عدالت نے مزید کہا کہ اس کیس کا فیصلہ ہونے تک ادارے میں کنٹریکٹ پائلٹس کے علاوہ بھرتیوں اور برطرفی پر پابندی برقرار رہے گی ۔بعد ازاں مزید سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی گئی۔