تھائی لینڈ کے غار میں پھنسی بچوں کی فٹبال ٹیم کے تمام کھلاڑیوں ، کوچ کو بحفاظت نکال لیا گیا، ریسکیو آپریشن مکمل

منگل 10 جولائی 2018 23:37

تھائی لینڈ کے غار میں پھنسی بچوں کی فٹبال ٹیم کے تمام کھلاڑیوں ، کوچ ..
بینکاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2018ء) تھائی لینڈ کے غار میں پھنسی بچوں کی فٹبال ٹیم کے باقی 4 کھلاڑیوں اور کوچ کو بھی بحفاظت نکال لیا گیا جس کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ تھائی لینڈ کے شمالی صوبے چیانگ رائی کے علاقے کے معروف غاروں کے سلسلے میں بچوں کی 12رکنی فٹبال ٹیم کوچ کے ہمراہ 23 جون کو سیر کیلئے گئی تھی۔

(جاری ہے)

مون سون بارشوں کے باعث بچوں کی پوری ٹیم غار میں پھنس گئی تھی تاہم ریسکیو اداروں کی جانب سے ان کی کھوج لگائے جانے کے بعد بچوں کو باحفاظت نکالنے کیلئے کئی دنوں سے آپریشن جاری تھا۔گزشتہ دنوں اتوار کے روز ریسکیو اداروں کی مدد سے غار میں پھنسے 4 بچوں کو نکال لیا گیا تھا لیکن اب باقی 8 بچوں اور کوچ کو بھی باحفاظت نکال لیا گیا۔تھائی حکام کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے پیر کو بھی آپریشن میں 4 بچوں کو غار سے بحفاظت نکالا تھا جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

غار میں پھنسنے والے تمام بچوں کی عمریں 11 سے 16 سال کے درمیان ہیں۔ تھائی نیوی کے مطابق منگل کو ریسکیو آپریشن کے آخری مرحلے میں 4 بچوں اور کوچ کو باحفاظت نکالنے کے بعد پرخطر ریسکیو آپریشن بھی مکمل ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :