زمبابوے کیخلاف پہلا ون ڈے، سرفراز نے ٹاس کو اہم قرار دیدیا

ٹاس صبح پونے نو بجے ہوگا، یہاں سردیوں کا موسم ہے اسلئے ٹاس کی بہت اہمیت ہے، ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکل میں گھر سکتی ہے، زمبابوے کی ٹیم کسی بھی طرح آسان نہیں، ابتدائی تین میچوں میں سیریز جیت کر مختلف کمبی نشین آزمائیں گے،کپتان قومی ٹیم

جمعرات 12 جولائی 2018 21:50

زمبابوے کیخلاف پہلا ون ڈے، سرفراز نے ٹاس کو اہم قرار دیدیا
بولاوایو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئینٹی سیریز کے امتحان میں سرخرو ہوئی اب پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میں میزبان زمبابوے کے خلاف گرین شرٹس کی آزمائش شروع ہورہی ہے۔زمبابوے اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل جمعے کو کوئینز کلب میں کھیلا جارہا ہے۔دونوں ٹیموں میں قدر مشترک چیز یہ ہے اس سال دونوں ٹیموں نے کوئی ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں جیتا ہے۔

پاکستان دنیا کی واحد رینکنگ والی ٹیم ہے جس نے اس سال کوئی ون ڈے نہیں جیتا ہے۔پاکستان کو نیوزی لینڈ نے پانچوں میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ زمبابوے کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم فیورٹ قرار دی جارہی ہے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بولاوایو میں ون ڈے میچ صبح سویرے شروع ہونے پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ میچ صبح سوا نو بجے شروع ہوگا جبکہ ٹاس صبح پونے نو بجے ہوگا، یہاں سردیوں کا موسم ہے اس لئے ٹاس کی بہت اہمیت ہے، ٹاس ہارنے والی ٹیم مشکل میں گھر سکتی ہے۔

جمعرات کو بولاوایو میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان کی موجودگی میں ایک اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرکے ہم انہیں ورلڈ کپ کے لئے آزمانا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم یاسر شاہ کو پانچ میں سے کم از کم دو میچ کھلائے گی، پہلے ہم اس سیریز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنا چاہتے ہیں اس کے بعد روٹیشن کی پالیسی کے تحت سب کو موقع دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم کسی بھی طرح آسان نہیں ہے اس لئے یہ کہنا کہ ابتدائی تین میچوں میں سیریز جیت کر مختلف کمبی نشین آزمائیں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہم کلین سوئپ کا دعوی کرنے کے بجائے میچ بائی میچ جانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں میں نوجوان کھلاڑی ہیں اور ہمارے پاس بھی باصلاحیت نوجوان ہیں اس لئے ہم تمام 15 کھلاڑیوں کو موقع دیں گے تاکہ ایشیا کپ سے قبل ہمیں پتہ چل سکے کہ ہمیں کن کھلاڑیوں کو لے کر آگے جانا ہے، ہم گیم بائی گیم آگے جانا چاہتے ہیں اور اپنی اپروچ کو تبدیل نہیں کریں گے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے پاس تین اوپنرز امام الحق،محمد حفیظ اور فخر زمان ہیں ہم تینوں کو آزمائیں گے، ہمیں حفیظ بھائی کی بولنگ کا بھی ایڈوانٹیج ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کسی میچ میں پاکستان تینوں اوپنر حفیظ، فخر اور امام کو بھی کھلاسکتا ہے۔ میرا ٹی ٹوئینٹی میں چوتھا اور ون ڈے میں پانچواں نمبر ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 16 جولائی، تیسرا 18 جولائی، چوتھا 20 جولائی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 22 جولائی کو کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر سو بارہ بجے شروع ہوگا۔