پہلا ون ڈے ،پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے بڑا ہدف دیدیا

قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کی شاندار سنچری

جمعہ 13 جولائی 2018 15:56

پہلا ون ڈے ،پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے بڑا ہدف دیدیا
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جولائی 2018 ء) پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کےلئے 309رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ بلاوایو کے کوئنز سپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان ہیملٹن مساکاڈزا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کے لیے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا ، اننگز کی شروعات میں زمبابوین باﺅلرز نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کیا اور خصوصا اما م الحق کو رنز سکور کرنے میںمشکلات پیش آئیں تاہم دونوں اوپنر ز نے بعد میں عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو 113رنز کا آغاز فراہم کیا ،اس دوران فخر زمان نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد فخر زمان 60رنز بنا کر روچی کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے،قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے بابر اعظم نے امام الحق کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 59رنز جوڑے جس کے بعد بابر اعظم30رنز بنا کر مساکاڈزا کا شکار بنے ،شعیب ملک اور امام الحق کے درمیان63رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور اس دوران اما م الحق نے اپنے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری بھی مکمل کی جس کے بعد شعیب ملک22رنز بنا تریپانو کا شکار بنے ، امام الحق 129رنز کی عمدہ اننگز اننگز کے بعد مزاربانی کے ہاتھو ں پوویلین لوٹے،فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے چھتارا کا پہلا شکار بنے ، آصف علی نے اپنے ڈیبیو ون ڈے میں عمدہ بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے46رنز سکور کیے،وہ چھتارا کی دوسری وکٹ بنے،حسن علی بغیر کو ئی رن بنائے تریپانو کی گیند پر پوویلین لوٹے،گرین شرٹس نے مقررہ50اوورز میں7وکٹوں پر308رنز بنائے،زمبابوے کے لیے تریپانواور چھتارا نے دو ،دو وکٹیں لیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں رواں سال ایک بھی ون ڈے میچ نہیں جیت سکی ہیں جب کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف 0-5 سے شکست کا بھی سامنا رہا۔قومی ٹیم میں بابر اعظم ، امام الحق کی واپسی ہوئی ہے ۔زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ کی تیاری کے پیش نظر کوشش کریں گے کہ تمام کھلاڑیوں کو میدان میں اترنے کا موقع مل سکے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ زمبابوے کی ٹیم میں نوجوان لیکن باصلاحیت کرکٹرز شامل ہیں، ہوم کنڈیشنز میں کوئی ٹیم کمزور نہیں ہوتی، کامیابی کے لیے ہمیں بہترین کرکٹ کھیلنا اور سخت محنت کرنا ہوگی، میزبان ٹیم کے ساتھ ہمیں سرد موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔قومی سکواڈ فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، کپتان سرفراز احمد، شاداب خان، فہیم اشرف، حسن علی، محمد عامر، عثمان خان اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

میزبان ٹیم کی قیادت کے فرائض ہیملٹن مساکدزا انجام دیں گے جب کہ زمبابوین اسکواڈ میں برین چاری، ٹینڈائی چتارا، چامو چیباہا، ایلٹن چیکمبورا، ٹیندائی چیسارو، تیناشی کمنخوا، ویلنگٹن مساکدزا، پیٹر مور، ریان مری، تریسائی مساکنڈا، بلیسنگ مزربانی، ریچرڈ گراوا، لیام روچی، ڈونلڈ ٹریپانو اور مالکولم والر شامل ہیں۔