آتش گیر کاغذی جہازاورگیسی غبارے چھوڑنے پر اسرائیل سیخ پا ،پابندیاں عائد

کاغذی جہازوں کا بہانہ بنا کر اسرائیل غزہ پر جنگ مسلط کرنا چاہتا ہے،پابندیاںانسانیت کے خلاف جرم ہیں، حماس

بدھ 18 جولائی 2018 11:50

آتش گیر کاغذی جہازاورگیسی غبارے چھوڑنے پر اسرائیل سیخ پا ،پابندیاں ..
مقبوضہ غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں مقامی شہریوں کی طرف سے اسرائیل پر آتش گیر کاغذی جہاز اور گیسی غبارے چھوڑنے پر صہیونی ریاست سیخ پا ہے اور اس نے غزہ پر وسیع جنگ مسلط کرنے کی دھمکی دی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب نے مصر کے توسط سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کو تنبیہ کی کہ اگر غزہ کی پٹی کی مشرقی سرحد سے گیسی غباروں اور آتشی کاغذی جہاز چھوڑنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اسرائیل غزہ کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی شروع کرے گا۔

دوسری جانب حماس نے اسرائیل کی طرف سے دھمکی آمیز پیغام یہ کہہ کر مسترد کر دیا ہے کہ آتش گیر کاغذی جہاز اڑانے والے عام شہری ہیں جن کا حماس سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو ایندھن کی سپلائی بند کردی ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ میں شہریوں کی جانب سے غباروں کی وجہ سے صہیونی ریاست کی حدود میں فصلوں سمیت اہم تنصیبات میں آتش زنی کے تازہ واقعات کے بعد اسرائیل نے سامان کی ترسیل کے واحد راستے کرم ابو سالم گذرگاہ پر پابندیوں کو مزید سخت کر دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق گذرگاہ کے راستے سے اب اتوار تک ایندھن کی ترسیل ممکن نہیں ہو گی تاہم خوراک اور ادویات کو بھیجنے کی اجازت ہو گی۔ادھراسرائیل کے وزیر دفاع لائیبرمین کا کہنا تھا کہ یہ حماس کی جانب سے مسلسل کی جانے والی پرتشدد کارروائیوں کا جواب ہے۔دوسری جانب حماس نے اسرائیل کی طرف سے انتقامی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔