جاپان کی پارلیمان نے کیسینو سے متعلق قانون منظور کر لیا

اتوار 22 جولائی 2018 13:10

ٹوکیو۔22 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء)جاپان کی پارلیمان نے حزب اختلاف کے مسلسل اعتراضات کے باوجود ایسے مربوط تفریحی مراکز کا قانون منظور کر لیا ہے جن میں جوا خانے بھی شامل ہوں گے۔جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایوان بالا نے اپنے اجلاس میں مربوط تفریحی سہولیات کے مسودے کی منظوری دے کر پارلیمان کی جانب سے اس کی حتمی توثیق کردی۔

مذکورہ مسودے پر بحث کے دوران مرکزی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی ایل ڈی پی نے ملک میں کیسینو کھولنے پر خدشات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا وعدہ کیا۔

(جاری ہے)

ایل ڈی پی کا اصرار تھا کہ اس قانون سازی سے سیاحت کو فروغ ملے گا، اور علاقائی معیشتوں کو تحریک ملے گی۔ایوان بالا میں حزب اختلاف کی سب سے طاقتور جماعت ڈیموکریٹک پارٹی فار پیپل نے مسودہ قانون کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جاپان میں جوئے کے عادی افراد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

مربوط تفریحی سہولیات کا قانون اکثریتی جماعتوں کی حمایت سے منظور کر لیا گیا، جن میں ایل ڈی پی، کومے تو، نپون اِشِن یا جاپان اِنّوویشن پارٹی، اور پارٹی آف ہوپ شامل ہیں۔نئے قانون کے تحت فی الحال جاپان کے صرف 3 علاقوں میں مربوط تفریحی سہولیات کھولنے کی اجازت ہوگی۔