بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ علاقائی و عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا ،نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی حاجی میٹھا خان کاکڑ

پیر 30 جولائی 2018 16:54

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی حاجی میٹھا خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ژوب کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے انہیں ٹھیس نہیں پہنچائیں گے،بلا امتیاز خدمت عبادت سمجھ کر کرینگے،صوبائی حکومت کی تشکیل کا مرحلہ طے ہونے کے بعد حلقے کے تمام علاقوں کا دورہ کرونگا،یہ بات انہوں نے پیر کو مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،حاجی میٹھا خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ علاقائی مفاد اور حلقے کے عوام کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے ،ژوب میں آباد تمام اقوام اور برادریوں کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آبنوشی سکیمیں ،تعلیم ،صحت ،زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں میں اجتماعی کاموں کو فوقیت دی جائے گی اور اس ضمن میں جلد ژوب کے معتبرین اور حلقہ انتخاب کے لوگوں کے ساتھ باضابطہ مشاورت کا عمل شروع کیا جائے گا۔