دُبئی: ریت کے شدید طوفان کے باعث ایک ہزار سے زائد ٹریفک حادثات رُونما ہوئے

پولیس کو صحرائی طوفان کی تباہ کاریوں کے حوالے سے سولہ ہزار سے زائد کالز موصول ہوئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 1 اگست 2018 15:02

دُبئی: ریت کے شدید طوفان کے باعث ایک ہزار سے زائد ٹریفک حادثات رُونما ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 اگست 2018) گزشتہ اتوار اور سوموار کے روز ریت کے طوفان نے متحدہ عرب امارات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کے باعث ایک ہزار کے سے زائد ٹریفک حادثات رُونما ہوئے۔ پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ان دو دِنوں کے دوران سولہ ہزار کے قریب کالز موصول ہوئیں۔ پولیس کے مطابق سوموار کے روز413چھوٹے بڑے حادثات رُونما ہوئے۔ اس روز پولیس نے طوفان کی وجہ سے پریشانی اور اذیت میں مبتلا ہونے والے ڈرائیورز کی جانب سے 6,830 کالز وصول کیں۔

(جاری ہے)

جبکہ اتوار کے روز پولیس کو 631 حادثات کی اطلاع مِلی تھی جن میں 12 سنگین نوعیت کے اور 20 درمیانے درجے کے تھے۔ اتوار کے روز پولیس نے 9,125 کالز ریسیو کیں۔ زیادہ تر کالز کا تعلق شیخ محمد بن زاید روڈ اور شیخ زاید روڈ جیسی اہم شاہراہوں پر رُونما ہونے والے افسوس ناک واقعات سے تھا۔ پولیس نے عوام پر زور دیا ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران محتاط رہیں کیونکہ جمعۃ المبارک سے پہلے یہ ریت کا طوفان تھمنے والا نہیں۔ جھکڑ چلنے کے باعث حدِ نگاہ بہت کم رہ جاتی ہے جس کے باعث بڑی تعداد میں حادثات رُونما ہوتے ہیں۔ تاہم ٹریفک ضابطوں کی پابندی‘ حد رفتار کا خیال رکھنے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھنے پر حادثات میں نمایاں حد تک کمی لائی جا سکتی ہے۔