دُبئی:پائلٹ نے دُبئی جانے والی فلائٹ بم سے اُڑانے کی دھمکی دے ڈالی

پولیس کے مطابق ملزم نشے میں دُھت تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 2 اگست 2018 14:47

دُبئی:پائلٹ نے دُبئی جانے والی فلائٹ بم سے اُڑانے کی دھمکی دے ڈالی
دُبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اگست 2018) ایک پائلٹ کو سپین کے شہر میڈرڈ سے دُبئی آنے والی پرواز میں غل غپاڑہ کرنے اور جہاز کو دھماکہ خیز مواد سے اُڑا دینے کی دھمکی دینے پر گرفتار کر لیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق 27 سالہ اماراتی پائلٹ جہاز میں بطور مسافر سوار تھا۔ اُس نے دورانِ پرواز ہنگامہ کھڑا کر دیا اور بدتمیزی سے پیش آنے لگا۔ حتیٰ کہ ایک سٹیورڈ پر حملہ آور ہو کر اُسے زمین پر گرا دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نشے کی حالت میں تھا۔ عدالت میں سماعت کے دوران ملزم پر پرواز کو خطرے میں ڈالنے‘ مجرمانہ دھمکیاں دینے‘ سٹاف پر حملہ آور ہونے‘ مسافروں کی تذلیل و توہین کرنے اور بغیر لائسنس کے شراب نوشی کے الزام عائد کیے گئے ہیں۔ ہُلڑ بازی کے دوران اُس نے ایک سیٹ اور کھڑکی کے کور کو بھی نقصان پہنچایا۔

(جاری ہے)

جس کے باعث ایئر لائن کو 10,234 اماراتی درہم کا نقصان اُٹھانا پڑا۔

یہ واقعہ یکم جُون 2018ء کو پیش آیا جس کی اطلاع پرواز کے دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اُترنے کے بعد وہاں موجود پولیس کو دی گئی۔ ایئرپورٹ پر موجود پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا۔ فلائٹ اٹینڈنٹ نے عدالت میں بتایا کہ جس وقت ملزم جہاز پر سوار ہوا تبھی سے اُس کا وتیرہ انتہائی غیر مہذبانہ دکھائی دے رہا تھا۔ پرواز کی روانگی کے چند گھنٹوں بعد ہی اُس نے پریشانی کھڑی کر دی۔

وہ سٹاف کو بار بار بُلا کر اُن کی توہین کرتا۔ پھر کچن میں جا کر وہاں سے بیئر اُٹھا لاتا۔ کئی بار وہ اپنی سیٹ سے اُٹھ کھڑا ہوا اورکچھ مسافروں کو تذلیل کا نشانہ بنایا۔پھر وہ اپنے جُوتے اُتار کر اُنہیں ہوا میں اُچھالنے لگا۔ جب اُسے منع کیا تو اُس نے فلائٹ اٹینڈنٹ کے سینے پر زور سے ہاتھ مارا‘ جس کے باعث وہ نیچے گِر گیا۔ آخر ایک مسافر کی مدد سے اُسے ہتھکڑیوں میں جکڑ کر اُس کی سیٹ پر بٹھا دیا گیا۔

مگر وہ پھر بھی باز نہ آیا اور کہنے لگا کہ اُس کے پاس بم ہے جس سے وہ جہاز کو اُڑا دے گا۔ اس نے ایئر ہوسٹس کو بھی قتل کرنے کی دھمکی دی۔ مسافر اُس کے اس وتیرے سے بہت پریشان اور خوفزدہ ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے خراب طرزِ عمل کا اعتراف کر لیا تھا۔ مقدمے کی اگلی سماعت 8 اگست 2018ء کو ہو گی۔