دُبئی: وِزٹ ویزے پر آیا پاکستانی سڑک پر جوا کرواتا پکڑا گیا

ملزم ہرشخص سے جُوئے کی بازی کے عوض 100 درہم وصول کر رہا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 اگست 2018 16:35

دُبئی: وِزٹ ویزے پر آیا پاکستانی سڑک پر جوا کرواتا پکڑا گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7 اگست 2018ء) وِزٹ ویزے پر آئے تیس سالہ پاکستانی شہری کو عوامی مقام پر جُوا کروانے اور راہگیروں کو جُوا کھیلنے کی دعوت دینے کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کی ایک ٹیم رات ساڑھے دس بجے کے قریب فریج المُرار کے علاقے میں معمول کے گشت پر تھی جب اُنہیں ایک جگہ لوگوں کی بھیڑ نظر آئی۔

قریب جا کر دیکھا تو پتا چلا کہ اُس نے جُوئے کی ایک گیم سجا رکھی تھی اور وہ راہگیروں کو جُوا کھیل کر پیسے جیتنے کے لیے آوازیں دے کر بُلا رہا تھا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزم گھبرا گیا اور اُس نے اعتراف کیا کہ وہ لوگوں کو جُوئے کی بازی لگانے کے لیے ترغیب دے رہا تھا۔ جس پر پولیس نے ملزم کو پکڑ کر تفتیش کے لیے قریبی تھانے منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت میں سماعت کے دوران استغاثہ نے ملزم پر جُوئے پر مشتمل گیم کا کاروبار کرنے اور لوگوں کو جُوئے کی بازی کھیلنے کے لیے دعوت دینے کا الزام عائد کیا۔

ملزم نے عدالت کے رُوبرو اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا اور فاضل جج فہد الشمسی سے درخواست کی کہ اُسے سزا دیتے وقت نرمی برتی جائے۔ دُوسری جانب ملزم کو گرفتار کرنے والے پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا ’’ایک جگہ رش دیکھ کر میں نے وہاں قریب جا کر چیک کیا تو پتا چلا کہ فٹ پاتھ کے پاس جُوا کروایا جا رہا ہے۔ جس پر میں نے جوا کروانے والے شخص کو گرفتار کر لیا ۔

میں اور میرے ساتھی اہلکار نے ملزم کے قبضے سے ٹارچ لائٹ‘ ایک کالی بیلٹ‘ پیچ کس اور استری کرنے والی ٹیبل ضبط کر لی جو وہ گیم میں استعمال لا رہا تھا۔ ملزم نے پکڑے جانے پر بتایا کہ وہ لوگوں کو جُوا کھیلنے پر اُبھار رہا تھا اور ہر بازی لگانے والے سے 100 اماراتی درہم کی رقم وصول کر رہا تھا۔ ملزم کے مکروہ دھندے میں شریک بنگلہ دیشی ساتھی پولیس کی پکڑ میں نہیں آ سکا۔ جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمے کا فیصلہ 15 اگست 2018ء کو سُنایا جائے گا۔