قطری عازمین حج کوخوش آمدید کہیں گے: سعودی عرب

Umer Jamshaid عمر جمشید بدھ 8 اگست 2018 17:23

قطری عازمین حج کوخوش آمدید کہیں گے: سعودی عرب
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست2018ء) سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج کے لئے آنے والے قطری شہریوں کو خوش آمدید کہا جائے گا. سعودی عرب کی وزارت حج نے کہا ہے کہ قطری حکام کی جانب سے قطری عازمین کے حج سے متعلق الیکڑونک ڈیٹا کو بلاک کرنے کے باوجود ایسے افراد کو ہر ممکن سہولت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایسے قطری شہریوں کے بارے میں سعودی قیادت نے احکامات جاری کئے ہیں کہ انہیں سعودی عرب آنے دیا جائے اور جدہ میں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آمد پر یہ افراد اپنے ڈیٹا کی رجسٹریشن کا عمل پورا کرسکتے ہیں. سعودی پریس ایجنسی کے مطابق قطری عازمین قطر ایئر ویز کے علاوہ کسی بھی ائیر لائن کو استعمال کرتے ہوئے سعودی عرب آ سکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب میں مقیم قطری شہری وزارت حج میں قطری شہریوں کے لئے مختص لنک کے ذریعے حج ادائیگی کی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں. (وام)