پروٹیز کو واحد ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں بھی شکست دیں گے، انجیلو میتھیوز

پیر 13 اگست 2018 11:10

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر انجیلو میتھیوز نے کہا ہے کہ وہ پروٹیز کو مسلسل دو میچوں میں شکست دینے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں بھی کامیابی حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیز کے خلاف آخری دو میچوں میں مسلسل کامیابیاں ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے جس سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر متحد ہے اور جنوبی افریقہ کو ٹی ٹونٹی میچ میں بھی شکست دے گی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی لینڈرز ٹیم کے کپتان آل رائونڈر انجیلو میتھیوز نے کہا کہ وہ جنوبی افریقہ ٹیم کے خلاف چوتھے اور پانچویں ون ڈے میچ میں کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فتوحات کے بعد انکی ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ٹیم پروٹیز کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی میچ میں بھی کامیابی کے لئے پرعزم ہے۔ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان واحد ٹی ٹونٹی میچ 14 اگست کو شیڈول ہے جو کولمبو میں کھیلا جائیگا۔