ڈسٹری بیوٹر سے 28لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹنے کے دوران ایک سیکورٹی گارڈ کو ہلاک اور ایک گارڈ کو زخمی کرکے فرار ہونے والے تین ملزمان گرفتار

پیر 13 اگست 2018 23:32

ڈسٹری بیوٹر سے 28لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹنے کے دوران ایک سیکورٹی گارڈ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2018ء) بلال کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے 27جولائی کو بلال کالونی کے علاقے میںگولڈ لیف سگریٹ کے ڈسٹری بیوٹر سے 28لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹنے کے دوران ایک سیکورٹی گارڈ کو ہلاک اور ایک گارڈ کو زخمی کرکے فرار ہونے والے تین ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا، جبکہ دو ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ، تفصیلات کے مطابق بلال کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان محمد کاشف خان، سہیل احمد عرف سنی اور شایان عرف شان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی ، ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کا پانچ رکنی گروپ ہے اور گروپ میںشامل 2 ملزمان آصف اور نوید گرفتار نہیں ہوسکے ، ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ انہوں نے 27 جولائی بلال کالونی کے علاقے میں واقع گولڈ لیف کمپنی کے ڈسٹری بیوٹر آفس پر کارروائی کرتے ہوئے 28 لاکھ 23 ہزار 610 روپے لوٹے تھے اور لوٹ مار کے دوران ملزمان نے فائرنگ کرکے سیکورٹی گارڈ محمد ندیم اور محمد اقبال پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک گارڈ ہلاک ہوگیا تھا ، اور ایک زخمی ہوا تھا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مکمل ریکی تھی اور ملزمان کو پتہ تھا کہ کس وقت کیش جمع ہوتا ہے اور کس وقت ڈسٹری بیوٹر آفس سے کیش جاتا ہے اور ملزمان نے سیکورٹی گارڈز پر اس وقت فائرنگ کی تھی جب وہ ڈسٹری بیوٹر آفس سے رقم لے کر نکل رہے تھے ، گرفتار ہونے والے ملزمان پہلے بھی سی ٹی ڈی سمیت دیگر تھانوں میں گرفتار ہوچکے ہیں ، ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے اور ان کے دیگر دوساتھی ملزمان کی گرفتار ی کیلئے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔