متحدہ عرب امارات میں نجی شعبوں کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا

کچھ کمپنیوں نے ملازمین کو پانچ روز ‘ جبکہ کچھ نے چھ دِن کی تعطیلات سے نوازا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 اگست 2018 13:05

متحدہ عرب امارات میں نجی شعبوں کے ملازمین کے لیے تعطیلات کا اعلان کر ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 اگست 2018ء) عید الاضحی آن پہنچی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں بھی اس حوالے سے خاصا جوش و خروش نظر آ رہا ہے۔ اس وقت امارات میں موجود مقامی و غیر مقامی کروڑوں مسلمان عید کی خوشیاں سمیٹنے کے لیے بے تاب نظرآتے ہیں۔ عید کا مزہ تبھی دوبالا ہوتا ہے جب چھُٹیاں جی بھر کے مِلیں۔سو کچھ نجی ملازمین کی تو چاندی ہو گئی اور کچھ اس معاملے میں بدقسمت ٹھہرے۔

امارات کی بیشتر نجی کمپنیوں نے عید الاضحی کے موقع پر پیر سے لے کر جمعرات تک چار تعطیلات کا اعلان کیا ہے جبکہ اس سے اگلے روز جمعۃ المبارک کی چھُٹی مِلا کر کُل چھُٹیاں پانچ بن جائیں گی۔ اسی طرح بینکوں کی جانب سے بھی جمعرات کی چھُٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے سو بینک ملازمین بھی ہفتہ کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے سے قبل پانچ چھُٹیوں سے لطف اندوز ہو چُکے ہوں گی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں‘ اماراتی حکومت نے نجی شعبے کے لیے سوموار سے لے کر بُدھ تک تین چھُٹیوں کا اعلان کیا تھا ‘ جس کے تحت نجی شعبے کے ملازمین کو جمعرات کو ڈیوٹی پر پہنچنا تھا۔ جبکہ کچھ کمپنیاں ایسی بھی ہیں جنہوں نے سوموار سے لے کر ہفتہ کے روز تک چھ چھُٹیوں کا اعلان کر کے اپنے ملازمین کو نہال کر دیا ہے۔ دُوسری جانب کچھ کمپنیوں نے بخل سے کام لیتے ہوئے ملازمین کو سوموار کی چھُٹی سے محروم کر دیا ہے۔

ایسی ہی ابوظہبی کی ایک کنسٹرکشن اور کنٹریکٹنگ کمپنی نے اپنے سٹاف کو میمو بھیج کر مطلع کیا ہے کہ وہ سوموار کے روز ہر صورت ڈیوٹی پر موجود ہوں۔ مذکورہ میمو میں کہا گیا ہے کہ کمپنی کی تمام کنسٹرکشن سائٹس اور پراجیکٹ آفسز 20 اگست 2018ء (بروز سوموار) کھُلیں رہیں گے جبکہ عید کی چھُٹیاں 21 اگست (منگل) سے لے کر 23 اگست (جمعرات) تک ہوں گی۔ اسی طرح سینٹرل بینک نے اعلان کیا تھا کہ تمام بینکوں کی برانچیں عید کی تعطیلات کے سلسلے میں سوموار (20 اگست) سے لے کر جمعرات(23 اگست) تک بند رہیں گی‘ ۔ جس کے بعد جمعہ کی معمول کی چھُٹی آ جائے گی۔ اس طرح بینک صارفین کی خدمت کے لیے 25 اگست 2018بروز ہفتہ اپنا کام شروع کریں گے۔