بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی 80 ویں سینڈیکیٹ میٹنگ میں گرین آفس کے قیام کی منظوری

جمعہ 17 اگست 2018 14:27

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی 80 ویں سینڈیکیٹ میٹنگ میںڈاریکٹوریٹ آف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت گرین آفس کے قیام کی منظوری دی ہے جس کا بنیادی مقصد پائیدار حکمت عملی و مثبت طریقوں سے قدرتی وسائل کے استعمال کو یقینی اور ماحول دوست بنانا ہو گا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثروت این مرزا نے کہا کہ گرین آفس ملکی و بین الاقوامی معیارات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے جامعہ میں ماحولیاتی پہلوئوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے سرگرم رہے گا اور جامعہ میں سبزے و فضلے کے انتظام ، نقل و حمل ، توانائی کے حصول و دیگر کے لیے منصوبہ بندی کے علاوہ ان کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس کے علاوہ سماجی زمہ داری کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے ماحول دوست پالیسیوں اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحولیاتی اخلاقیات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان پالیسیوں سے مقامی آبادی بھی مستفید ہوسکے گی۔ یونیورسٹی کے ڈاریکٹوریٹ آف پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈاریکٹر شاہد علی خان نے گرین آفس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ درحقیقت اس کامقصد طلبہ و ملازمین کو ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جامعہ کے مفاد اور استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں سے منصوبوں کو پایہٴ تکمیل تک پہنچا سکیں گے جس میں ابتدائی خیالات سے لے کر پالیسی فریم ورک ، پائیدار حکمتِ عملی اور منصوبہ کو مکمل کرنے تک گرین آفس کی بھرپور معاونت حاصل ہو گی ۔

اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی طلبہ و ملازمین کی کامیابیوں کو اُجاگر کرنے کے لیے یہ آفس اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا۔

متعلقہ عنوان :