نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبرپختونخوا کے 28 ویں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھالیا

جمعہ 17 اگست 2018 23:49

نومنتخب وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبرپختونخوا کے 28 ویں وزیراعلیٰ کا ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خیبرپختونخوا کے 28 ویں وزیراعلیٰ کا حلف اٹھالیا حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے وزیراعلیٰ محمود خان سے حلف لیا۔ گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے حلف لینے کے بعد نومنتخب وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔

تقریب حلف برداری میں پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی جبکہ صوبے کے اہم افسران سمیت بھی تقریب میں موجود تھے۔یاد رہے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی کی زیرصدارت اجلاس کے دوران نئے قائد ایوان کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ وزیراعلٰی کا انتخاب ارکان کو 2 لابی میں تقسیم کر کے کیا گیا جس کے لیے محمود خان کے حامی ارکان لابی نمبر دو اور متحدہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار میاں نثار گل کے حامی لابی نمبر ایک میں جمع ہوئے۔

(جاری ہے)

ارکان کے لابی میں جمع ہونے کے بعد ارکان کی گنتی کی گئی جس کے بعد اسپیکر نے محمود خان کی کامیابی کا اعلان کیا جنہوں نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل میاں نثار گل نے 33 ووٹ حاصل کیے۔ تقریب میں صوبائی اسمبلی کے سپیکر مشتاق غنی، صوبائی اراکین پارلیمنٹ اور صوبے کے اعلی حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں وزیراعلی نے گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات بھی کی ۔ اس موقع پر گورنرنے محمودخان کو وزیراعلی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارک باد بھی دی