عید الاضحی پر شہر کی صفائی کیلئے کسی پلان کا سامنے نہ آناانتہائی تشویشناک ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

جانوروں کی لاکھوں الائیشوں کو ٹھکانے لگانا ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کیلئے بڑا ٹاسک ہے

پیر 20 اگست 2018 17:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی الائیشوں کی صفائی کیلئے کسی پلان کا سامنے نہ آناانتہائی تشویشناک ہے ،قربانی کے جانوروں کی لاکھوں الائیشوں کو ٹھکانے لگانا بڑا ٹاسک ہے ، الائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی شہریان لاہور کے لیے عید کی خوشیوں کے موقع پربدبو و تعفن کی پریشانی کے ساتھ ساتھ مختلف بیماروں کا سبب بن سکتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں عید قربان پر شہر میں صفائی و ستھری کے حوالے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں اکیس لاکھ ویسٹ بیگ تقسیم کرنے کا منصوبہ عید سے ایک دن قبل تک کہیں نظر نہیں آ رہا ہے جبکہ گذشتہ ادوار میں 8 دن پہلے ہی اخبارات میں اشتہارات اور ٹی وی چینلز پر صفائی ستھری کے حوالے سے مہم کے ساتھ ساتھ گھر وں میں پمفلٹس اور ویسٹ بیگ کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کردیاجاتا تھا اس بار انتظامیہ کی جانب سے اکیس لاکھ ویسٹ بیگ تقسیم کیے جانے تھے اور پبلک مقامات سمیت یوسی کی سطح پر آگاہی کیمپوں کا انعقاد کیا جانا تھاجو ابھی تک ممکن نہیں ہو سکا جو حکومت کی بدانتظامی اور نااہلی کی واضح مثال ہے۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے قربانی کے جانوروں کی الائیشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے عملی طور پر کوئی ٹھوس اقدامات نہ کیے تو شہریان لاہور عید کی خوشی کے موقع پر ایک بہت بڑی مشکل سے دوچار ہو جائیں گے۔