ضلع بھر میں عیدالاضحی کے 503 اجتماعات 830 پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 2842 سیکورٹی اہلکار تعینات

منگل 21 اگست 2018 00:40

رحیم یارخان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2018ء) ضلع بھر میں عیدالاضحی کے 503 اجتماعات 830 پولیس افسران و اہلکاروں سمیت 2842 سیکورٹی اہلکار تعینات ،عام کلیکشن سینٹر کے زریعے کھالیں اکٹھی نہیں کی جائیں گی ۔ تفصیل کے مطابق ڈی پی او محمد اطہر وحید کی زیر نگرانی ضلع رحیم یار خان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں ۔

ضلع بھر میں عیدالاضحی کے سلسلہ میں 503 اجتماعات منعقد ہوں گے جن میں اے کیٹگری 4 بی کیٹگری 9 اور سی کیٹگری کے 490 اجتماعات شامل ہیں جن کی سکیورٹی کے لئے 830 پولیس افسران و جوان تعینات کئے گئے ہیں جبکہ پولیس کی معاونت کے لئے 1006 قومی رضاکاران اور 1006 ہی مقامی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کئے گئے رضا کار شامل ہیں جس سے سکیورٹی اہلکاروں کی کل تعداد 2842 رہے گی ۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کو موئثر رکھنے کے لئے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے اسنیپ چیکنگ کی جائے گی اور مانیٹرنگ کے لئے ڈی پی او آفس میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔ ضلع بھر میں ایلیٹ فورس اور کیوآر ایف کے موبائلز بھی گشت کریں گی ۔ عید گاہوں کے نزدیک پارکنگ نہیں کرنے دی جائے گی اس سلسلہ میں ٹریفک پولیس عید گاہ سے 300 گز کے فاصلے پر پارکنگ یقینی بنائے گی ۔

جبکہ سپیشل برانچ بھی سرچ اینڈ سویپنگ کے زریعے سکیورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔ کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھا کرنے پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجازت نامے رکھنے والے ادارے ، تنظیمیں و افراد ہی قربانی کی کھالیں اکٹھی کر سکیں گے ۔ قربانی کی کھالیں اکٹھا کرنے کے لئے کھلے مقامات پر کلیکشن سینٹر قائم کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے اس سلسلہ میں کسی قسم کا اعلان کرنے اور بینر آویزاں کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے ۔ گھر گھر جا کر بھی قربانی کی کھالیں وصول کرنے پر پابندی عائد ہے اور اس سلسلہ میں کوئی بھی شخص کسی کو مجبور نہیں کرے گا کہ وہ کسی مخصوص ادارے کو قربانی کی کھال دے۔

متعلقہ عنوان :