مکّہ معظمہ:حج کے بہترین انتظامات پر حاجیوں کی جانب سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا گیا

رواں سال بیس لاکھ سے زائد افراد نے حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 اگست 2018 16:13

مکّہ معظمہ:حج کے بہترین انتظامات پر حاجیوں کی جانب سعودی حکام کا شکریہ ..
عرفات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اگست 2018) دُنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج نے حج کے دوران بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکام کی خوب خوب ستائش کر ڈالی۔ حجاج نے انتظامات کو بہترین اور مثالی قرار دیا۔ پہلی بار حج کی سعادت سے بہرہ مند ہونے والے ایک عراقی حاجی جِہاد عبید کا کہنا تھا ’’ہر سال لاکھوں کی تعداد میں حاجی سعودی عرب آتے ہیں۔ مقدس مقامات کا علاقہ رقبے میں کم ہونے کے باوجودلوگوں کے اتنے بڑے اجتماع کو سنبھالنا اور اُنہیں مقدس فریضے کی انجام دہی کے دوران سہولتیں فراہم کرنا یقیناًانتہائی مشکل کام ہے‘ مگر سعودی حکومت اس کٹھن مرحلے سے پُوری کامیابی سے گزر آتی ہے۔

بس یہاں کا موسم بہت ناقابلِ برداشت ہے۔ مگر حج انتظامیہ کی جانب سے پانی کے فواروں سے ہونے والے چھڑکاؤ گرمی کے احساس میں کچھ حد تک کمی کر دیتا ہے۔

(جاری ہے)

درحقیقت یہ فوارے اس بات کا اظہار ہیں کہ سعودی حکومت حجاج کی خدمت و سہولت کے حوالے سے کتنی حسّاس ہے۔افریقی مُلک الجزائر سے تشریف لائے ایک حاجی مسعود بُوہادجی نے کہا ’’ہم سب جانتے ہیں کہ انسان موسم کے چیلنجز اور سختیوں کو قابو میں نہیں لا سکتا۔

تاہم حاجیوں کی صحت کے تحفظ اور اُنہیں گرمی سے بچانے کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کے باعث اُنہیں مناسکِ حج ادا کرنے میں کافی سہولت ہو جاتی ہے۔ میں سیکیورٹی اہلکاروں کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں اور اُن کی انتھک ڈیوٹی کو سراہتا ہوں جس کے باعث حاجی حضرات کِسی دُشواری اور پریشانی کے بغیر اپنا مقدس فریضہ انجام دے پائے۔اُن کی جانب سے حاجیوں کی لمحہ بہ لمحہ رہنمائی قابلِ ستائش ہے۔

اگرچہ میں سعودی نہیں ہوں‘ پھر بھی ان مسلمان سیکیورٹی اہلکاروں پر مجھے بے پناہ فخر ہے‘ جو حاجیوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کو محفوظ تر بنانے کے لیے دِن رات کوشاں رہتے ہیں اور اُنہیں شدید گرمی کے دوران ٹھنڈے پانی کی بوتلیں بھی مہیا کرتے ہیں۔ جمرات پُل کے باعث اب حج پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ اور حاجیوں کو دی جانے والی سہولتیں بھی بہت عمدہ ہیں۔‘‘