عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے ،ْصدر مملکت

دنیا کو پیچیدہ مسائل کے چنگل سے نکال کر امن و محبت اور اخوت کا گہوارہ بنانے کیلئے سب سے پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے ،ْ پیغام

منگل 21 اگست 2018 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے،آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی ، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ بڑے مقاصد کی تکمیل اور اس دنیا کو دکھوں سے پاک کرنے کے لئے اپنی پیاری اشیا حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے ،دنیا کو پیچیدہ مسائل کے چنگل سے نکال کر امن و محبت اور اخوت کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنی سب سے پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے، عیدالاضحی کے موقع پر قوم کے نام جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ میں عیدالضحیٰ کے پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرماتے ہوئے انھیں ہمارے لئے اپنی رضا کے حصول کا ذریعہ بنادے، انہوں نے کہاکہ عید الاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے ۔

(جاری ہے)

آج کے دن ان عظیم انبیائے کرام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی ۔ یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ بڑے مقاصد کی تکمیل اور اس دنیا کو دکھوں سے پاک کرنے کے لئے اپنی پیاری اشیا حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے، اس سلسلے میں ارشاد باری تعالیٰ ہے، ’’آپ ﷺ ان سے کہئے کہ میری نماز ، میری قربانی ، میری زندگی او رموت سب اللہ رب العالمین کے لئے ہے‘‘(القرآن)، انہوں نے کہاکہ عبادت کی یہی روح ہے جو اس دکھوں بھری دنیا کو جنت کا نمونہ بنا سکتی ہے کیونکہ جان و مال کی اس قربانی کے ذریعے انسان کو اپنی انا قربان کرنے کی تربیت دی جاتی ہے جو مسائل کی اصل جڑ ہے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ اس دنیا کے مسائل خواہ ان کی نوعیت داخلی ہو ، خواہ خارجی اور بین الاقوامی ، ان سب کا خمیر اسی مرض سے اٹھا ہے ۔ دنیا کو ان پیچیدہ مسائل کے چنگل سے نکال کر امن و محبت اور اخوت کا گہوارہ بنانے کے لئے اپنی سب سے پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے جن میں جان و مال کے علاوہ آرا اور مفادات سمیت سب کچھ شامل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وطن عزیز آج جس قسم کے سیاسی غیر سیاسی اور سماجی و معاشی مسائل سے دو چار ہے ان سے نکلنے کے لئے سنت ابراہیم علیہ السلام سے ہی رہنمائی لینے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہم سب کو عید الاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور قربانی جیسی عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس کی تہہ میں پوشیدہ نعمتوں اور برکتوں سے مستفیدفرمائے ۔